بلوچستان کے ضلع پشین میں پولیس لائنز کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور 14 افراد زخمی ہوگئے۔

آج نیوز کے مطابق پولیس اہلکاروں سمیت زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت نازک ہے۔

محکمہ انسداد دہشت گردی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ تحقیقات کے لیے شواہد جمع کرنے کے لیے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں ۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق انہوں نے کہا کہ چھوٹے بچوں پر حملہ کرنے والے بزدل دہشت گرد انسان کہلانے کے مستحق نہیں ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بچوں کی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

معصوم بچوں کو نشانہ بنانے والے انسان کہلانے کے مستحق نہیں ہیں۔

محسن نقوی نے ایکس پر کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ جنگ اس وقت تک جاری رہے گی جب تک دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کا صفایا نہیں ہو جاتا۔

Comments

200 حروف