وزیر خزانہ محمد اورنگ زیب نے جمعہ کو پیگاسس ایئرلائنز کی چیئرپرسن رحمت ٹی نانے اور لکی سیمنٹ لمیٹڈ کے سی ای او محمد علی ٹبہ سے ملاقات کی جس میں پاکستان میں ہوا بازی کے شعبے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات کے دوران محمت نے ترک ایوی ایشن کی حکمت عملی کا جائزہ پیش کیا جس میں پاکستان کے ایوی ایشن سیکٹر کو فائدہ پہنچانے والے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ کس طرح پاکستان اپنی ہوا بازی کی صنعت کو آگے بڑھانے کے لیے ترکی کے تجربے اور مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے ترک ایوی ایشن انڈسٹری کی کامیابی کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ ترکی کے ساتھ ہوابازی کے شعبے میں تعاون دوطرفہ تعلقات کا ایک اہم حصہ ہے، یہ پاکستان کی ہوابازی کی صنعت کو فروغ دینے کے وزیر اعظم کے وژن سے مطابقت رکھتا ہے۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے ترک وزیر تجارت کے ساتھ حالیہ ملاقات کو دہرایا جس میں دونوں فریقوں نے تجارت اور کاروباری تعاون کے مختلف مواقع پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات پاکستان اور ترکی کے درمیان ایوی ایشن سمیت متعدد شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہونے والی بات چیت انتہائی نتیجہ خیز سمجھی گئی ہے اور یہ پاکستان کی اپنی ہوا بازی کی صلاحیتوں کو بڑھانے اور ترکی کے ساتھ مضبوط اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کی کوششوں میں ایک قدم کی نشاندہی کرتی ہے۔

جمعرات کو وزیر اعظم شہباز شریف نے ایوی ایشن کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ پاکستان کے ہوائی اڈوں پر مسافروں، سیاحوں اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے اور مسافروں کو طویل انتظار سے بچانے کے لیے بین الاقوامی پروازوں کے دوران مزید کاؤنٹرز چلائے جائیں۔

انہوں نے ایوی ایشن سیکٹر کا رواں سال کا سیفٹی آڈٹ جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ لکی گروپ کی ایک کمپنی وائی بی ہولڈنگز ان چھ کمپنیوں/کنسورشیم میں شامل ہے جو پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے عمل میں پری کوالیفائیڈ ہیں۔

ایئر بلیو، عارف حبیب کارپوریشن، بلیو ورلڈ سٹی، فلائی جناح اور پاک ایتھنول کنسورشیم بھی اس فہرست میں شامل ہیں۔

Comments

200 حروف