پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے اظفر منظور کو کمپنی کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔

لسٹڈ کمپنی نے جمعرات کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اظفر منظور کو کیپٹن (ر) محمد محمود کی جگہ 22 اگست 2024 سے چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ کیپٹن (ر) محمود رواں سال اپریل میں چیئرمین پی ٹی سی ایل منتخب ہوئے تھے۔

اس سے قبل جون میں پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ٹی پی ایل) کے حصول کے لیے ورلڈ بینک کے رکن انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) سے 40 کروڑ ڈالر تک کے قرضے حاصل کیے تھے۔

پی ٹی سی ایل نے کہا تھا کہ اس نے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے حصول کے لیے 27 جون 2024 کو آئی ایف سی کی زیر قیادت کنسورشیم، جس میں سلک روڈ فنڈ (ایس آر ایف) اور برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (بی آئی آئی) شامل ہیں، کے ساتھ ایک سال کی رعایتی مدت کے فنانسنگ معاہدوں کے ساتھ سات سال کا معاہدہ کیا تھا۔

31 دسمبر 1995 کو پاکستان میں قائم ہونے والا پی ٹی سی ایل پاکستان میں ٹیلی کمیونیکیشن سروسز فراہم کرتا ہے۔

کمپنی ٹیلی کمیونیکیشن کی سہولیات کی مالک ہے اور پورے پاکستان میں گھریلو اور بین الاقوامی ٹیلی فون خدمات اور دیگر مواصلاتی سہولیات فراہم کرتی ہے۔

پی ٹی سی ایل کے بڑے اثاثوں میں یوفون بھی شامل ہے جو پاکستان میں موبائل آپریٹر ہے جس کے 20 ملین سے زائد صارفین ہیں۔ اتصالات، جس کے پاس ایک اہم اقلیتی حصص ہے، حکومت پاکستان کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت اسے چلاتا ہے، جس کے پاس اکثریتی حصص ہے۔

کمپنی کے تازہ ترین مالیاتی نتائج کے مطابق پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدنی سالانہ 25.8 فیصد اضافے کے ساتھ 190.6 ارب روپے تک پہنچ گئی جس کی بنیادی وجہ صارفین کے شعبے میں مضبوط کارکردگی ہے۔

Comments

200 حروف