پاکستان

’بونا راست‘ ترسیلات زر میں انقلاب برپا کر دیگا، وزیراعظم

  • آئندہ چند ہفتوں میں پانچ سالہ اقتصادی پروگرام کا اعلان کریں گے،شہباز شریف
شائع August 22, 2024 اپ ڈیٹ August 23, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا بارڈر کراس ریئل ٹائم پیمنٹ سسٹم بونا راست ترسیلات زر کو مزید سستی اور قابل رسائی بنائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں پانچ سالہ اقتصادی پروگرام کا اعلان کریں گے۔

بوناراست کنیکٹیوٹی منصوبے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مقامی اقتصادی پروگرام زراعت، انفارمیشن ٹکنالوجی کو بہتر بنانے اور دیگر غیر استعمال شدہ شعبوں کو کھول کر معیشت کو بحال کرنے کی حکمت عملی کا تصور کرتا ہے۔

حال ہی میں ہم اس کے وسیع پیرامیٹرز کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ آئندہ ہفتے تک ہم اسے حتمی شکل دی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس پروگرام کا اعلان کرنے کے لئے لوگوں کے پاس جاؤں گا۔

بوناراست رابطے کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ اقدام اہم ہے کیونکہ اس سے پاکستان کے ڈیجیٹل پیمنٹ انفرااسٹرکچر کی رسائی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمارا ملک پاکستان کو وسیع تر مالیاتی ماحولیاتی نظام میں ضم کرکے اور ترسیلات زر کے بہاؤ کو باضابطہ بنا کر ڈیجیٹل گورننس کی ایک نئی جہت میں داخل ہو گیا ہے۔

اس اقدام سے عرب دنیا کے ساتھ تعلقات جدید اور ڈیجیٹل انداز میں مزید مضبوط ہوں گے۔

بونا راست منصوبے کے تحت راست ادائیگی کے طریقہ کار کو عرب مانیٹری فنڈ کے بونا سسٹم سے جوڑا جا رہا ہے تاکہ عرب ممالک میں لاکھوں اوورسیز پاکستانیوں کو تیز رفتار، سستی اور موثر طریقہ کار کے ذریعے ترسیلات زر بھیجنے میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ جو پاکستان کا پہلا سرحد پار رئیل ٹائم ادائیگی کا نظام ہے، ترسیلات زر کو زیادہ سستی اور قابل رسائی بنائے گا۔

مزید برآں، وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس منصوبے میں وسیع تر ادائیگی کے نظام کے مستقبل کے ماڈل میں رابطے کو تیز کرنے کی صلاحیت بھی موجود ہے جہاں سالانہ ادائیگیوں میں 20 ارب ڈالر سے زائد کی صلاحیت کے ساتھ ایک خطے سے خطے میں لین دین ہوگا۔

دریں اثنا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کے نتائج سامنے آرہے ہیں کیونکہ مزید ڈھانچہ جاتی تبدیلیاں آ رہی ہیں۔

انہوں نے کرنسی کے استحکام، زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ اور بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ریٹنگ میں بہتری جیسے اشارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ میکرو اکنامک استحکام پاکستان کی معیشت میں جڑیں پکڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کا بہاؤ یقینی طور پر پاکستان کے لیے لائف لائن ہے۔ گزشتہ مالی سال کارکنوں کی ترسیلات زر میں سالانہ بنیاد پر 11 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ مثبت رجحان جولائی تک جاری رہا۔

انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر کے بہاؤ میں بہتری بہت سی چیزوں کا نتیجہ ہے جو نہ صرف میکرو اکنامک استحکام کی جانب بلکہ انتظامی اقدامات کے تناظر میں بھی ہوئی ہیں جو غیر قانونی ترسیلات زر کو روکنے کے لئے اٹھائے گئے تھے اور اب اس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ترقی کے اس مثبت رجحان کو برقرار رکھنے کے لئے مزید کام کرنا ہوگا۔

محمد اورنگ زیب نے کہا کہ انتظامی اقدامات کے باوجود غیر رسمی مارکیٹیں بدقسمتی سے اب بھی ترسیلات زر کے بہاؤ کا ایک بڑا حصہ حاصل کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا، کہ اس چیلنج سے نمٹنا اقتصادی بحران کو کم کرنے کے لئے ایک اہم ترجیح ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن ان لیکیج کو کم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت لیکیج کے کاروبار کو ختم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، چاہے ترسیلات زر کے بہاؤ، ٹیکس نظام یا بجلی کے شعبے میں لیکیجز ہوں۔

وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت کو معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لئے ان سب کو یکجا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بونا-رست رابطہ منصوبہ پیچیدگی اور لاگت کو کم کرکے حوالہ اور ہنڈی جیسے غیر رسمی چینلز کا پرکشش متبادل فراہم کرتا ہے۔

Comments

200 حروف