پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں بدھ کے روز تیزی کا رحجان جاری رہا جس کی وجہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے پاکستان کی 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کی ممکنہ منظوری اور کارپوریٹ آمدنی میں اضافہ ہے۔

کے ایس ای 100 انڈیکس نے کاروبار کا آغاز زبردست خریداری کے ساتھ کیا اور یہ رحجان کاروباری سیشن کے بیشتر حصے میں جاری رہا تاہم اختتامی سیشن میں فروخت کے دباؤ سے کچھ حدتک پوائنٹس میں کمی واقع ہوئی۔

کاروبار کے اختتام پر بنچ مارک انڈیکس 515.34 پوائنٹس یا 0.66 فیصد اضافے کے ساتھ 78,260.86 پوائنٹس پر بند ہوا۔

بروکریج ہاؤس اسماعیل اقبال سیکیورٹیز نے اپنی پوسٹ مارکیٹ رپورٹ میں کہا کہ اسٹاک مارکیٹ کا اختتام آج مثبت انداز میں ہوا اور گزشتہ سیشنز کے نقصانات سے کچھ بحالی ہوئی ہے تاہم سرمایہ کار اب بھی آئی ایم ایف کے محاذ سے خاص طور پر ای ایف ایف کی منظوری کی خبر کی تلاش میں ہیں۔

ٹاپ لائن سیکورٹیز نے کہا کہ بدھ کے روز مثبت رجحان کی وجہ کھاد اور بینکنگ کے شعبوں میں اضافہ تھا ، جس میں این بی پی ، ایف ایف سی ، یو بی ایل ، ای ایف ای آر ٹی اور ایچ ایم بی نے 249 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ کیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کے ساتھ پیش رفت کر رہی ہے اور توقع ہے کہ اگلے ماہ 7 ارب ڈالر کی توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) پر اس کے ایگزیکٹو بورڈ سے منظوری مل جائے گی۔

انہوں نے بزنس ریکارڈر کو اپنے پیغام میں بتایا کہ ہم ستمبر کے دوران بورڈ کی منظوری حاصل کرنے کے لئے آئی ایم ایف کے ساتھ اچھی پیش رفت کر رہے ہیں۔

ان کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یہ توقع کی جا رہی تھی کہ اگست کے دوران آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ میں پاکستان کا ایجنڈا اٹھایا جائے گا۔ تاہم پاکستان کا نام رواں ماہ کے لیے ایگزیکٹو بورڈ کے شیڈول میں شامل نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے قرض کی ادائیگی کی ٹائم لائن کے بارے میں خدشات پیدا ہوگئے تھے۔

منگل کو پی ایس ایکس بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 84.82 پوائنٹس یا 0.11 فیصد کی کمی سے 77,745.52 پوائنٹس پر بند ہوا۔

عالمی سطح پر بدھ کے روز ایشیائی حصص کی قیمتوں میں کمی دیکھنے میں آئی کیونکہ عالمی حصص میں زبردست تیزی کا رجحان کم ہوگیا ہے جبکہ امریکی معاشی اعداد و شمار اور پالیسی سازوں کی تقریروں سے قبل بانڈز کی پیداوار اور ڈالر کی قدر میں کمی واقع ہوئی۔

ایس اینڈ پی 500 نے آٹھ سیشنز کے مسلسل اضافے کے بعد رات بھر میں 0.2% کی کمی کا سامنا کیا۔

جاپان سے باہر ایشیا بحرالکاہل کے حصص کا ایم ایس سی آئی کا وسیع ترین انڈیکس 0.6 فیصد گر گیا۔

فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول جمعہ کو وائیومنگ میں جیکسن ہول سمپوزیم سے خطاب کریں گے۔

دریں اثنا انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کے کاروباری روز امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں 16 پیسے کی کمی واقع ہوئی اور روپیہ 278 روپے 52 پیسے پر بند ہوا۔

آل شیئر انڈیکس پر حجم گزشتہ سیشن کے 380.72 ملین سے بڑھ کر 552.56 ملین ہو گیا۔

حصص کی قیمت بھی گزشتہ سیشن کے 11.24 ارب روپے سے بڑھ کر 14.59 ارب روپے ہوگئی۔

کوہ نور اسپننگ 62.92 ملین حصص کے ساتھ سب سے آگے، پاور سیمنٹ 41.96 ملین حصص کے ساتھ دوسرے اور یوسف ویونگ 37.37 ملین حصص کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

بدھ کے روز 453 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 289 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 119 میں کمی جبکہ 45 میں استحکام رہا۔

Comments

200 حروف