کریسنٹ اسٹیل اینڈ الائیڈ پروڈکٹس لمیٹڈ (سی ایس اے پی) نے چائنا ہاربر انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ (سی ایچ ای سی) اور الفجر انٹرنیشنل (اے ایف آئی) کے جوائنٹ وینچر کے ساتھ کے فور منصوبے کے لیے کوٹڈ پائپوں کی اضافی مقدار فراہم کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔

لسٹڈ کمپنی نے بدھ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس کے مطابق ہمیں آپ کو مطلع کرنا ہوگا کہ کریسنٹ اسٹیل اینڈ الائیڈ پروڈکٹس لمیٹڈ نے اپنے موجودہ معاہدے میں چائنا ہاربر انجینئرنگ کمپنی لمیٹڈ (سی ایچ ای سی) - الفجر انٹرنیشنل (اے ایف آئی) جوائنٹ وینچر (جے وی) کے ساتھ کوٹڈ پائپوں کی اضافی مقدار (ہاٹ رولڈ کوائلز کلائنٹ کی طرف سے فراہم کیے جائیں گے) کی تیاری اور فراہمی پر اتفاق کیا ہے۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اس نظر ثانی کے ذریعے ہم گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم کے فور منصوبے کے لیے 65 ہزار میٹر کوٹڈ اسٹیل لائن پائپوں کی اضافی مقدار فراہم کریں گے۔

کے فور منصوبہ، جسے باضابطہ طور پر گریٹر کراچی بلک واٹر سپلائی اسکیم کے نام سے جانا جاتا ہے، ایک بڑا اقدام ہے جس کا مقصد کراچی، پاکستان میں پانی کی دائمی قلت کو دور کرنا ہے۔

صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے مشترکہ طور پر تیار کیے جانے والے اس منصوبے کا مقصد کراچی سے تقریبا 122 کلومیٹر دور سندھ کے ضلع ٹھٹھہ میں واقع کینجھر جھیل سے اضافی پانی حاصل کرکے شہر میں اضافی پانی لانا ہے۔

دریں اثنا کمپنی نے اپنے نوٹس میں آگاہ کیا ہے کہ تازہ ترین نظر ثانی کے ساتھ معاہدے کی مجموعی آرڈر ویلیو 5886 ملین روپے سے بڑھ کر 8595 ملین روپے ہوجائے گی۔

مینوفیکچرنگ رواں مالی سال کی دوسری سہ ماہی میں شروع ہونے کی توقع ہے اور امید ہے کہ اگلے مالی سال کی دوسری سہ ماہی تک مکمل ہوجائے گی۔

تاہم شیڈولنگ اور کچھ دیگر شرائط کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

یکم اگست 1983ء کو پاکستان میں ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم ہونے والی کریسنٹ اسٹیل اینڈ الائیڈ پروڈکٹس لمیٹڈ پانچ شعبوں اسٹیل، کپاس، انویسٹمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر ڈیولپمنٹ (آئی آئی ڈی) شامل ہیں۔

Comments

200 حروف