پاکستان

ایران میں پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ، 35 افراد جاں بحق، 15 زخمی

  • ایرانی ٹریفک پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ بس بریکنگ سسٹم میں تکنیکی خرابی کے باعث ہوا
شائع August 21, 2024

ایران کے شہر یزد میں پاکستانی زائرین کی بس خوفناک حادثے کا شکار ہوگئی جس کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز نے بتایا کہ ایرانی ٹریفک پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ منگل کی رات پیش آیا جس کی وجہ بس بریکنگ سسٹم میں تکنیکی خرابی تھی۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق بس میں سوار زیادہ تر مسافروں کا تعلق لاڑکانہ، گھوٹکی اور سندھ کے دیگر شہروں سے ہے۔

زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزارت خارجہ کو میتوں کو پاکستان لانے اور زخمیوں کو بروقت امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ۔

علاوہ ازیں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سوشل میڈیا ایکس کا سہارا لیا اور کہا کہ وہ حادثے میں زخمی ہونے والوں کیلئے انتہائی فکرمند ہیں۔

انہوں نے تہران میں اپنے سفیر کو میتوں کو پاکستان لانے اور زخمیوں کو بروقت امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔

Comments

200 حروف