وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ غریب گھرانوں کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے قابل بنانے کیلئے پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ (پی ای ای ایف) قائم کیا گیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم نے آکسفورڈ یونین کے صدر اسرار خان کاکڑ سے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اینڈاؤمنٹ فنڈ میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 20 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے۔

انہوں نے جون میں آکسفورڈ یونین کے انتخابات جیتنے پر اسرار خان کاکڑ کی بھی تعریف کی۔ کاکڑ اس عہدے پر فائز ہونے والے تیسرے پاکستانی اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پہلے شخص ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آکسفورڈ یونین کا صدر بننا اسرار خان کاکڑ کے ثابت قدمی اور غیر متزلزل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

رواں سال مارچ میں وزیر اعظم نے پی ای ای ایف قائم کرنے کا اعلان کیا تھا تاکہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد مالی مشکلات کے باوجود اپنی تعلیم جاری رکھ سکیں۔

انہوں نے ملک کو ترقی کی راہ پر آگے لے جانے کے لئے لڑکوں اور لڑکیوں کو جدید تعلیم اور ہنر سے آراستہ کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

شہباز شریف نے یقین دلایا کہ اس سلسلے میں صوبوں کے تعاون سے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Comments

200 حروف