پاکستان

پاکستان نے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ کر لیا

  • تجربے کا مقصد فوجیوں کی تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق کرنا ہے
شائع August 20, 2024

پاکستان نے زمین سے زمین تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل شاہین ٹو کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق اس تجربے کا مقصد فوجیوں کی تربیت، مختلف تکنیکی پیرامیٹرز کی توثیق اور بہتر درستگی کیلئے مختلف ذیلی نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔

اسٹریٹجک پلانز ڈویژن، آرمی اسٹریٹجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور اسٹریٹجک تنظیموں کے انجینئرز نے لانچنگ کا مشاہدہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل اسٹریٹجک پلانز ڈویژن نے سائنس دانوں کی تکنیکی مہارت، لگن اور عزم کو سراہا۔

رواں سال مئی میں پاک فوج نے فتح ٹو گائیڈڈ راکٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا تھا جس کی رینج 400 کلومیٹر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ اس لانچ کا مقصد لانچ کی مشقوں کو مکمل کرنا تھا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جدید ترین نیویگیشن سسٹم، انوکھے ٹریجیکٹری اور قابل عمل خصوصیات سے لیس فتح ٹو انتہائی درستگی کے ساتھ اہداف کو نشانہ بنانے اور کسی بھی میزائل دفاعی نظام کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

Comments

200 حروف