پاکستان

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کا ایجنڈا جاری، پاکستان شامل نہیں

  • ایگزیکٹو بورڈ کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ طے شدہ شیڈول کے علاوہ بھی ایجنڈے میں آئٹمز شامل کر سکتا ہے، ذرائع
شائع August 20, 2024

پاکستان کے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پیکیج کی عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے حتمی منظوری ابھی تک غیر یقینی کا شکار ہے، آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کے 28 اگست تک کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا ہے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس شیڈول میں ابھی تک پاکستان کا نام شامل نہیں کیا گیا، جس سے قرض کی رقم کی ادائیگی کے وقت کے بارے میں خدشات پیدا ہو رہے ہیں۔

تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ ایگزیکٹو بورڈ کے پاس یہ اختیار ہے کہ وہ طے شدہ شیڈول کے علاوہ بھی ایجنڈے میں آئٹمز شامل کر سکتا ہے، جو کہ کچھ امید کو برقرار رکھتا ہے۔ یہ پیشرفت اس اسٹاف لیول معاہدے کے بعد سامنے آئی ہے جو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 12 جولائی کو طے پایا تھا۔

وزیر خزانہ نے اس بات کا عندیہ دیا ہے کہ بورڈ کا اجلاس مہینے کے آخر میں ہو سکتا ہے، جو کہ ملک کی مشکلات کا شکار معیشت کے لئے کچھ ریلیف فراہم کر سکتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ عام طور پر اسٹاف لیول معاہدے کے بعد، ایگزیکٹو بورڈ چار سے چھ ہفتوں کے اندر معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے ملاقات کرتا ہے۔

نیے آئی ایم ایف قرض پروگرام سے جو کہ 37 ماہ پر مشتمل ہوگا، پاکستان کو اہم مالی معاونت ملنے کی توقع ہے، جس سے معیشت کو مستحکم کرنے، غیر ملکی ذخائر کو بڑھانے، اور جاری مالی چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں مدد ملے گی۔

تاہم، جب تک ایگزیکٹو بورڈ باضابطہ منظوری نہیں دیتا، پاکستان کی مالیاتی صورتحال غیر یقینی کا شکار رہے گی۔

پاکستان میں آئی ایم ایف کے مشن چیف نیتھن پورٹر نے معاہدے کے حوالے سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا، ”پاکستانی حکام اور آئی ایم ایف ٹیم نے ایک جامع پروگرام پر اسٹاف لیول معاہدہ کیا ہے جس کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے منظوری دی ہے، جو کہ 37 ماہ کے توسیعی فنڈ انتظام (ای ایف ایف) کی صورت میں 5,320 ملین ایس ڈی آر (یا موجودہ شرح مبادلہ پر تقریباً 7 ارب امریکی ڈالر) کے مساوی رقم کے برابر ہے۔“

مزید کہا گیا ہے کہ معاہدہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری اور پاکستان کے ترقیاتی اور دو طرفہ شراکت داروں سے ضروری مالیاتی یقین دہانیوں کی بروقت تصدیق کے تابع ہے۔

آئی ایم ایف کے بیان کے مطابق، پروگرام کا مقصد پچھلے سال حاصل کئے گئے میکرو اکنامک استحکام کو مزید بہتر بنانا ہے، تاکہ سرکاری مالیات کو بہتر بنایا جا سکے، افراط زر کو کم کیا جا سکے، بیرونی ذخائر کو دوبارہ بہتر بنایا جا سکے، اور نجی شعبے کی قیادت میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے اقتصادی بگاڑ کو ختم کیا جا سکے۔

حکام کے پالیسی مقاصد میں پائیدار سرکاری مالیات شامل ہیں، جو ٹیکس کی بنیاد کو وسیع کرنے اور استثنات کو ختم کرنے کے لیے اصلاحات پر مبنی تدریجی مالیاتی استحکام کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے، جبکہ اہم ترقیاتی اور سماجی اخراجات کے لیے وسائل میں اضافہ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں، حکام کا منصوبہ ہے کہ مالی سال 25 میں جی ڈی پی کا 1.5 فیصد اور پروگرام کے دوران جی ڈی پی کا 3 فیصد ٹیکس آمدنی کے اقدامات کے ذریعے حاصل کیا جائے۔

Comments

200 حروف