پنجاب حکومت کی بجلی کی سبسڈی کو سب کو سراہنا چاہیے،عطا تارڑ
- پنجاب حکومت کی مثال پر تمام صوبوں کو عمل کرنا چاہیے،وزیر اطلاعات
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی بجلی پر سبسڈی کو سب کو سراہنا چاہیے اور دیگر صوبوں کو بھی یہی ریلیف دینے کی ترغیب دینی چاہیے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی مثال پر تمام صوبائی حکومتوں کو عمل کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے اس اقدام کو سب کو سراہنا چاہیے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے مسلم لیگ (ن) کی پنجاب حکومت نے 500 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے بلوں میں 14 روپے فی یونٹ ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا۔ صوبائی حکومت بجلی صارفین کو دو ماہ یعنی اگست اور ستمبر کے لیے ریکارڈ 45 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔
وفاقی وزیر کا یہ بیان مختلف سیاسی حلقوں کی جانب سے ریلیف کی ایک صوبے کو فراہمی پر تنقید کے تناظر میں سامنے آیا ہے جس سے صوبوں میں مساوات کے حوالے سے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے رہنماؤں نے پنجاب حکومت پر قومی بجلی پالیسی سے متعلق معاملات میں ”صوبائی کارڈ“ کھیلنے کا الزام عائد کیا ہے۔
آج کی پریس کانفرنس کے دوران وفاقی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے اور صوبوں سے بھی ایسا ہی کریں۔
ایک متعلقہ پیش رفت میں، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے اتوار کے روز وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ سے ملاقات کی کہ وہ بھی بجلی کے بلوں پر اسی طرح کی سبسڈی کی پیشکش کریں جیسے کہ حال ہی میں پنجاب حکومت نے اعلان کیا تھا۔
Comments