پاکستان بھر میں اتوار کے روز بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری رہا، بندرگاہی شہر کراچی کے کچھ علاقوں میں بھی ہلکی اور تیز بارش ہوئی ہے جبکہ سرجانی ٹاؤن میں 70 ملی میٹر سے زیادہ بارش ہوئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق اتوار کو سرجانی ٹاؤن میں 70.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ اورنگی ٹاؤن میں 26 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

گلشن معمار، نارتھ کراچی اور پی اے ایف مسرور بیس سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں دن کے دوران ہلکی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات نے اتوار تک شہر میں ہلکی اور تیز بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

دریں اثناء سندھ میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے جیکب آباد، قمبر شہدادکوٹ، جامشورو اور دادو اضلاع میں آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران ”انتہائی اونچی سطح کے سیلاب“ کی وارننگ جاری کی ہے۔

محکمے نے متعلقہ حکام / اسٹیک ہولڈرز کو چوبیس گھنٹے چوکس رہنے اور پیشگوئی کی مدت کے دوران کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اتوار کو اپنی رپورٹ میں 18 اور 19 اگست کے دوران خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے اضلاع میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسلا دھار بارشوں سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، چترال، گلگت بلتستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ، صوابی میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ وہ ہنگامی رسپانس ٹیموں کو الرٹ کریں اور کسی بھی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کو یقینی بنانے کے لئے وسائل اور ذرائع تیار رکھیں۔

محکمہ موسمیات نے سیاحوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ پیشگوئی کی مدت کے دوران ان علاقوں کا سفر کرنے سے احتراز کریں۔

Comments

200 حروف