محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے جو 19 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

پی ایم ڈی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مون سون کی تیز لہریں زیادہ تر وسطی-بالائی سندھ اور مشرقی-شمال مشرقی بلوچستان میں جمع ہو رہی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جب کہ ہوا میں نمی کی سطح 81 فیصد کے قریب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارش اور آندھی سے روزمرہ کے معمولات متاثر ہوسکتے ہیں۔

پی ایم ڈی نے کہا کہ تمام متعلقہ حکام کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

اس سے قبل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 14 اگست سے 18 اگست تک خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی تھی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، پشاور، بنوں، ڈی آئی خان، ہنگو، ہری پور، کوہاٹ، کرم، لکی مروت، مہمند، اورکزئی اور وزیرستان کے علاقوں میں ہلکی سے تیز بارش کا امکان ہے۔

Comments

200 حروف