پاکستان

آرمی چیف نے قوم کو جعلی خبروں اور پروپیگنڈا مہم کے خطرات سے خبردار کر دیا

  • یقین دلاتا ہوں کہ غیر متزلزل حمایت افواج اور قوم کے درمیان تعلق کو کمزور کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنا دے گی، جنرل عاصم منیر
شائع August 15, 2024

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے قوم کو جعلی خبروں اور مخالف عناصر کی پروپیگنڈا مہم کے خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد مسلح افواج اور شہریوں کے درمیان تعلق کو کمزور کرنا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوم آزادی کے موقع پر آرمی چیف نے سابق فوجیوں کے اعزاز میں پروقار استقبالیہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ تقریب پاک فوج اور اس کے سابق فوجیوں کے درمیان اٹوٹ رشتے کا ثبوت ہے جو ملک کی خوشحالی اور سلامتی کے لیے اپنے عزم میں متحد ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آرمی چیف نے ریٹائرڈ اہلکاروں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملک کی تاریخ کی تشکیل میں ان کی لگن اور اہم کردار کو سراہا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سابق فوجیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کرتے رہیں۔

انہوں نے یقین دلایا کہ سابق فوجیوں سمیت قوم کی غیر متزلزل حمایت افواج اور قوم کے درمیان تعلق کو کمزور کرنے کی تمام کوششوں کو ناکام بنائے گی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے داخلی اور بیرونی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 14 اگست کو پاک فوج نے پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اقدار کے دفاع کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

پریس ریلیز میں مسلح افواج کے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ وہ “ سخت محنت سے حاصل کردہ آزادی کو عزت، وقار اور اپنے پسندیدہ نظریات کے تئیں غیر متزلزل عزم“ کے ساتھ برقرار رکھیں گے۔

اس سے قبل اگست میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ حکومت اور اداروں کے درمیان تعاون بے مثال سطح پر ہے۔

اسلام آباد میں علماء و مشائخ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اپنے 40 سالہ طویل سیاسی کیریئر میں انہوں نے حکومت اور آئینی اداروں کے درمیان اس سطح کا تعاون کبھی نہیں دیکھا جو آج موجود ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کے خلاف پروپیگنڈا مہم پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

Comments

200 حروف