قوم کو بجلی کے نرخوں میں کمی کی خوشخبری جلد ملے گی، وزیراعظم
- بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے صنعت اور زراعت ٹھپ ہے، یوم آزادی کی تقریب سے خطاب
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم کو بجلی کے نرخوں میں کمی کی خوشخبری جلد ملے گی، کیونکہ جب تک مہنگائی اور بجلی کے نرخ کم نہیں کیے جاتے پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔
بدھ کو یوم آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وہ آئندہ چند روز میں قوم سے خطاب میں حکومت کا معاشی پروگرام پیش کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے صنعت اور زراعت ٹھپ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”برآمدات کو بڑھایا نہیں جا سکتا اور گھریلو صارفین اس وقت تک سکون سے نہیں رہ سکتے جب تک بجلی کی قیمتوں میں کمی نہیں کی جاتی۔“
شہباز شریف نے قوم کو 78ویں یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک کو خوشحال، مستحکم اور پرامن بنانے کی کوششوں میں حکومت کا ساتھ دیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ملک کا روشن مستقبل ہیں جو ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ اگلے چند سال آپ اور ملک کے لئے بہت اہم ہیں، لہذا صرف اپنی پڑھائی اور ہنر پر مبنی تعلیم کے حصول پر توجہ مرکوز کریں، اور اپنے آپ کو دشمن کے منفی ایجنڈے میں شامل نہ کریں جو آپ کو نشانہ بنانے اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں آپ کی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے لئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے دشمن اب ملک کی ترقی کے سفر کو سبوتاژ کرنے کے لئے ڈیجیٹل دہشت گردی کا استعمال کر رہا ہے۔
یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم نے پاکستانی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور ہمارے آباؤ اجداد اور تحریک پاکستان کے ان گنت گمنام ہیروز کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے جنوبی ایشیا میں لاکھوں افراد کے لیے ایک آزاد ملک کے لیے انتھک جدوجہد کی جہاں وہ اپنے عقائد اور اقدار کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ علامہ محمد اقبال کے تصور کے مطابق پاکستان 14 اگست 1947 کو قائداعظم محمد علی جناح کی غیر متزلزل اور ثابت قدم قیادت اور ہمارے اسلاف کی بے مثال قربانیوں کے ذریعے دنیا کے نقشے پر ایک آزاد اور خودمختار مملکت کے طور پر ابھرا۔
وزیراعظم نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ اگرچہ گزشتہ 77 سالوں کے دوران ملک کا سفر مثالی نہیں رہا لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ قدرتی آفات اور معاشی و سماجی چیلنجز کے دوران عوام نے جس حذبے کا مظاہرہ کیا اس کی بدولت یہ زندہ رہنے میں کامیاب رہا۔ ہمیں اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے اور نئے عہد کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے اور ملک کو خوشحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا عزم کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ آج عوام مہنگائی، بجلی کے بلند بلوں، بیروزگاری اور دیگر مسائل سے بہت زیادہ پریشان ہیں لیکن وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی فکر میں ہیں۔
اس موقع پر انہوں نے کھیلوں، تعلیم، صحت سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پیرس اولمپکس میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل جیتنے والے اولمپک ہیرو ارشد ندیم کو بھی سلام پیش کیا ، وہ اپنی والدہ کے ہمراہ تقریب میں موجود تھے۔
وزیر اعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے خواب کو پورا کرنے کے لئے وہ ملک کی ترقی کے لئے سخت محنت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت بجلی کے بل سب کی سب سے بڑی پریشانی ہے اور بجلی کے نرخوں میں کمی کے بغیر پاکستان کی صنعت، زراعت اور برآمدات ترقی نہیں کر سکتیں۔ ”حکومت اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے،“ انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہا کہ حکومت چند دنوں میں قوم کو بجلی کے نرخوں میں نمایاں کمی کی خوشخبری دے گی۔
مزید برآں انہوں نے کہا کہ وہ چند روز میں قوم سے خطاب کریں گے جس میں ملک کا پانچ سالہ اقتصادی منصوبہ پیش کریں گے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینیوں پر جاری اسرائیلی بربریت کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر ہزاروں بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام نے ہماری خوشیوں کو ماند کر دیا ہے۔
اسی طرح انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی مرضی کے مطابق مسئلہ کے حل تک کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے حکومتی عزم کا بھی اظہار کیا۔
Comments