دنیا

بھارت میں تابکار مواد کی چوری، غیر قانونی فروخت پر گہری تشویش ہے، دفتر خارجہ

  • بار بار پیش آنے والے واقعات نئی دہلی کی جانب سے جوہری اور دیگر تابکار مواد کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر سوالیہ نشان لگاتے ہیں، ترجمان
شائع August 13, 2024

دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھارت میں جوہری اور دیگر تابکار مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کے واقعات پر گہری تشویش ہے۔

دفتر خارجہ کا یہ بیان بھارت میں تابکار مواد کے ساتھ ایک گینگ کی گرفتاری پر اسلام آباد کے رد عمل کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سامنے آیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بھارت میں جوہری اور دیگر تابکار مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کے واقعات پر گہری تشویش ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تازہ ترین واقعے میں ایک گروہ کے پاس غیر قانونی طور پر موجود انتہائی تابکار اور زہریلا مادہ کیلیفورنیم برآمد ہوا ہے جس کی مالیت 100 ملین ڈالر ہے۔

2021 میں کیلیفورنیم کی چوری کے تین واقعات بھی رپورٹ ہوئے۔ ایف او نے بتایا کہ گزشتہ ماہ بھابھا اٹامک ریسرچ سینٹر (بی اے آر سی) سے مبینہ طور پر چوری ہونے والے تابکار آلہ کے ساتھ پانچ افراد دہرادون سے بھی پکڑے گئے تھے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بار بار پیش آنے والے یہ واقعات نئی دہلی کی جانب سے جوہری اور دیگر تابکار مواد کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر سوالیہ نشان لگاتے ہیں۔ ان واقعات سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ بھارت کے اندر حساس، دہرے استعمال کے مواد کی بلیک مارکیٹ موجود ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی برادری بھارتی حکام سے اس بات کی وضاحت چاہتی ہے کہ گرفتار افراد کے قبضے میں کیلیفورنیم جیسے سیل بند تابکار ذرائع (ایس آر ایس) مواد کیسے موجود تھا، بھارت میں اس طرح کے حساس مواد کا باقاعدگی سے غلط ہاتھوں میں ملنا خطرناک ہے۔

دفتر خارجہ نے اس طرح کے واقعات کی مکمل تحقیقات اور اس کے سدباب کے لئے مناسب اقدامات پر زور دیا۔

Comments

200 حروف