پاکستان

کیپیسٹی کی ادائیگی، عمران خان حکومت نے کچھ آئی پی پیز کو فائدہ پہنچایا، وزیر توانائی

  • سابق وزیراعظم نے محمد علی رپورٹ کی سفارشات پر آئی پی پیز کیخلاف تحقیقات نہیں کیں، سینیٹ میں بیان
شائع August 7, 2024

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے سابق وزیراعظم عمران خان کی کابینہ پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے آئی پی پیز سے متعلق محمد علی رپورٹ کی سفارشات کی روشنی میں مزید تحقیقات شروع کرنے کے بجائے معاہدے میں ثالثی کی شق میں ترمیم کرکے 7 سے 8 انڈیپینڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) کو فائدہ پہنچایا۔

وزیر توانائی نے یہ بات سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں بتائی۔

وزیرتوانائی نے کہا کہ ایک منصوبے کے چار پہلو ہوتے ہیں۔ یعنی فکسڈ چارجز (کیپیسٹی چارجز) جو سود پر سود، ریٹرن آن ایکویٹی (آر او ای) اور فکسڈ او اینڈ ایم پر مبنی ہوتے ہیں، اور یہ قانونی یا غیر قانونی طور پر کم یا زیادہ کمانے کے لیے کچھ جگہ تلاش کرنے کے لیے چلائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت جاری دھرنے سے ڈیڑھ ماہ قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایات جاری کی تھیں جس کے نتیجے میں ان چار پہلوؤں پر سنجیدگی سے کام جاری ہے اور کمیٹی کے ساتھ ایک جامع رپورٹ شیئر کی جائے گی۔ یہ ایک مطالعہ کے طور پر شروع کیا گیا ہے اور معاہدے کے ہر پہلو کو باریک بینی سے دیکھا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس وقت کے وزیر اعظم کے معاون خصوصی محمد علی کی 2019 یا 2020 کی فرانزک رپورٹ کا حوالہ دیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی کی رپورٹ ابتدائی کام ہے اور ریکارڈ کے مطابق انہوں نے ان منصوبوں کی ہیٹ فرانزک نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ محمد علی کی رپورٹ ابتدائی تھی اور اس میں کچھ آئی پی پیز کا جائزہ لیا گیا جن کی ہیٹ ریٹ نہیں کی گئی تھی اور اس میں مزید تحقیقات کی تجویز دی گئی تھی۔

وزیر نے دلیل دی کہ محمد علی نے خود تسلیم کیا ہے کہ وہ حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں ، اور مشورہ دیا کہ اس معاملے کی مزید تحقیقات کی ضرورت ہے اور پورے معاملے کا مکمل آڈٹ کیا جانا چاہئے۔

تاہم پی ٹی آئی کی حکومت نے اس رپورٹ کی بنیاد پر ماسٹر معاہدوں پر آئی پی پیز کے ساتھ مذاکرات شروع کیے اور اسے کابینہ کے سامنے پیش کیا جس نے ثالثی کا پلیٹ فارم تبدیل کردیا جس کی وجہ سے اس جاری کردہ کی مزید تحقیقات رک گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کی حکومت محمد علی رپورٹ کی بنیاد پر اس معاملے کی مزید تحقیقات کرتی تو وہ کمائی گئی اضافی رقم واپس لینے اور ان آئی پی پیز کو ختم کرنے کے لئے بنیادی پلیٹ فارم فراہم کرسکتی تھی لیکن یہ عمل نہیں کیا گیا۔ جب آپ عالمی ثالثی کا اپنا حق چھوڑ دیتے ہیں تو اس سے عوام کو مزید مالی نقصان ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں سے جو بھی فوائد حاصل ہوں گے، یہاں تک کہ 5 روپے فی یونٹ بھی عوام تک پہنچائے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق ان کیمرہ بریفنگ کے دوران پاور ڈویژن نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں کے تمام عوامل کا جامع آڈٹ جاری ہے اور ان کے منافع کو کم کرنے کے لیے تمام ٹولز بروئے کار لائے جائیں گے۔

صارفین کو دیے جانے والے دیگر ریلیف اقدامات بھی کمیٹی کے ساتھ شیئر کیے گئے لیکن آئی ایم ایف کے ساتھ مفاہمت کی وجہ سے انہیں خفیہ رکھا گیا ہے۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ کیپیسٹی کی ادائیگی اس وقت 39 ہزار میگاواٹ کی صلاحیت تک محدود ہے کیونکہ کچھ پلانٹس پہلے ہی ریٹائر ہو چکے ہیں۔

قائمہ کمیٹی کو مزید بتایا گیا کہ 2500 میگاواٹ کے 5 مہنگے پلانٹس بھی بند ہیں۔ گڈو پاور پلانٹ اور نندی پور پلانٹ کی نجکاری کی جارہی ہے، ڈسکوز کی نجکاری کی جائے گی اور بجلی مارکیٹ کھولی جائے گی کیونکہ حکومت اپنا بجلی کا کاروبار ختم کرنا چاہتی ہے۔

سیکرٹری پاور نے کمیٹی کو بتایا کہ سالانہ 236 ارب یونٹ بجلی پیدا کرکے ملک صرف 130 ارب یونٹ استعمال کرتا ہے جس کی وجہ سے حکومت 100 ارب یونٹ کی کیپیسٹی کی ادائیگی کرنے پر مجبور ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک مہنگی بجلی پیدا کر رہا ہے جس کی وجہ سے وفاقی حکومت نے مالی سال 25-2024 کے لیے 170 ارب روپے کی سبسڈی مختص کی ہے۔

وزیر توانائی نے کہا کہ کیپٹو پاور پلانٹس کو 230 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی ہے جسے صارفین کے ٹیرف کو کم کرنے کے لئے پاور سیکٹر کی طرف موڑ دیا جائے گا۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ مقامی صنعت نے گھریلو صارفین کو 244 ارب روپے کی سبسڈی دی تھی جسے اب کم کر دیا گیا ہے۔ ماہانہ 400 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو 595 ارب روپے کی سبسڈی دی جاتی ہے جو بڑھ کر اب 692 ارب روپے تک پہنچ چکی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاور پلانٹس کی استعداد کار میں حالیہ اضافے کے پیچھے روپے اور ڈالر کی برابری، کائی بور اور لائی بور اہم عوامل ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں پاور ڈویژن نے کمیٹی کو بتایا کہ واپڈا، ڈسکوز اور جینکوز کے ایک لاکھ 90 ہزار ملازمین کو 15 ارب روپے کی مفت بجلی دی جا رہی ہے۔

مزید برآں، سیکرٹری (پاور ڈویژن) نے پاور سیکٹر میں اصلاحات، بجلی کی فراہمی اور طلب، اور پیداواری صلاحیت، کیپیسٹی کی منصوبہ بندی کی پیچیدگیوں پر روشنی ڈالی۔

چیئرمین کمیٹی نے آئی پی پیز کے ساتھ مسائل کے حل کی اہمیت پر زور دیا جو قوم کے لئے بھاری بوجھ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی مسئلہ زیادہ قیمتوں کا ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کے لئے بجلی ناقابل برداشت ہوگئی ہے۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف