بنگلہ دیش کے آرمی چیف بننے کے صرف ایک ماہ بعد، جنرل وقار الزماں پیر کو ملک سے فرار ہونے والی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے سرخیوں میں آگئے۔
بنگلہ دیش مظاہروں اور تشدد کی لپیٹ میں ہے جو گزشتہ ماہ طلباء گروپوں کی جانب سے سرکاری ملازمتوں میں متنازع کوٹہ سسٹم کو ختم کرنے کا مطالبہ کرنے کے بعد شروع ہوا تھا۔ مظاہروں نے حسینہ کو معزول کرنے کی مہم میں تیزی لائی، جو 15 سال سے برسراقتدار ہیں اور حال ہی میں جنوری میں مسلسل چوتھی مدت کیلئے اقتدار میں آئی ہیں۔
تشدد میں تقریباً 250 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
58 سالہ وقار الزماں نے 23 جون کو تین سال کی مدت کے لیے آرمی چیف کے فرائض سنبھالے جو اس عہدے کے لیے معمول کی مدت ہے۔
وہ 1966 میں ڈھاکہ میں پیدا ہوئے، ان کی شادی جنرل محمد مستفیض الرحمان کی بیٹی شارہناز کمالیکہ زمان سے ہوئی،جنرل محمد مستفیض 1997 سے 2000 تک آرمی چیف رہے۔
بنگلہ دیشی فوج کی ویب سائٹ کے مطابق، جنرل وقار الزماں نے نیشنل یونیورسٹی آف بنگلہ دیش سے ڈیفنس اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری اور کنگز کالج، لندن سے ڈیفنس اسٹڈیز میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
آرمی چیف بننے سے پہلے، انہوں نے چیف آف جنرل سٹاف کے طور پر چھ ماہ سے کم عرصہ تک خدمات انجام دیں - ایک ایسا کردار جس میں انہوں نے دیگر چیزوں کے علاوہ فوجی آپریشنز اور انٹیلی جنس، اقوام متحدہ کے امن مشن میں بنگلہ دیش کے کردار اور بجٹ کی نگرانی کی۔
پینتیس برس پر محیط کیرئیر میں، انہوں نے حسینہ واجد کے ساتھ قریبی اسٹاف کے طور پر کام بھی کیا،انہوں نے وزیر اعظم کے دفتر کے تحت آرمڈ فورسز ڈویژن میں پرنسپل اسٹاف آفیسر کے طور پر خدمات انجام دیں۔
فوج کی ویب سائٹ کے مطابق جنرل وقار الزماں فوج کی جدید کاری سے بھی وابستہ رہے ہیں۔
جیسا کہ اس ماہ ملک میں ایک بار پھر مظاہروں نے ہلچل مچا دی،جنرل وقار الزماں نے فوج کے اہلکاروں کو لوگوں کی جانوں، املاک اور اہم ریاستی تنصیبات کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
Comments