ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ کو 2024 کے پہلے تین ماہ (جنوری تا مارچ) میں 1.74 ارب روپے کا خسارہ ہوا ہے جبکہ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں 7.1 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا۔
31 مارچ 2024 کو ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران کمپنی کا فی حصص خسارہ (ایل پی ایس) 1.74 روپے رہا جبکہ گزشتہ برس کے اسی عرصے میں یہ نقصان 7.11 روپے تھا۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو فراہم کردہ نتائج کے مطابق رواں کلینڈر ایئر کی تیسرے ماہ کے دوران ہیسکول کی خالص فروخت کم ہو کر 27.95 ارب روپے رہ گئی جو گزشتہ برس کے اس عرصے میں 32.47 ارب روپے تھی۔
کمپنی کا مجموعی منافع تقریبا 61 فیصد کم ہوکر کلینڈر ایئر 2024 کے تیسرے ماہ میں 0.93 ارب روپے رہا جو گزشتہ برس کے اس عرصے میں 2.38 ارب روپے تھا۔
کلینڈر ایئر 2024 کے تیسرے ماہ میں ہیسکول کے اخراجات کی لاگت بڑھ کر 2.5 ارب روپے ہوگئی جو گزشتہ برس کے اس عرصے میں 2.4 ارب روپے تھی۔
دریں اثناء کمپنی نے 2024 کے پہلے تین ماہ میں 0.41 ارب روپے کا زرمبادلہ منافع حاصل کیا جبکہ گزشتہ برس اس عرصے میں اسے 5.92 ارب روپے کا نقصان ہوا تھا۔
جمعرات کو ایک علیحدہ نوٹس میں کمپنی نے بتایا کہ عبدالعزیز خالد نے یکم اگست 2024 سے ہیسکول پیٹرولیم لمیٹڈ کے بورڈ سے ڈائریکٹر کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
Comments