آئی ٹی کے بنیادی ڈھانچے کیلئے بیرونی سرمائے کو راغب کررہے ہیں، وزیراعظم
- شہباز شریف کی منیجنگ ڈائریکٹر جیف پین کی قیادت میں ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کے تین رکنی وفد سے ملاقات
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کو راغب کرنے کے لیے حکمت عملی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔
بدھ کو اسلام آباد میں منیجنگ ڈائریکٹر جیف پین کی قیادت میں ایشیا انٹرنیٹ کولیشن کے تین رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت مصنوعی ذہانت پر مبنی بنیادی ڈھانچے کے فروغ پر کام کر رہی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کو مصنوعی ذہانت کے بنیادی ڈھانچے کے شعبے میں خطے کا ایک اہم ملک بنائیں گے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں تیز ترین اور بلا تعطل انٹرنیٹ سروس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان اقدامات کے تحت پورے حکومتی نظام کو ڈیجیٹل کیا جا رہا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹلائزیشن پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ یہ معیشت کو ڈیجیٹل فریم ورک اور خودکار نظام کی طرف لے جانے کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔
اجلاس میں ڈیٹا سیفٹی، انٹرنیٹ پر مواد سے متعلق ضابطہ اخلاق اور الیکٹرانک کرائمز سے نمٹنے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن بل کے مسودے پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے۔
وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شیزہ فاطمہ خواجہ، آئی ٹی ماہر تانیہ ایدرس اور متعلقہ سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
Comments