حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز جنگ سے بے گھر ہونے والے افراد کیلئے قائم المواسی کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 71 افراد شہید ہوگئے۔

غزہ کی پٹی کے دیگر حصوں کو خالی کرنے کا حکم دینے کے بعد اسرائیل نے خان یونس شہر کے قریب المواسی کو محفوظ علاقوں میں سے ایک قرار دیا تھا۔

وزارت صحت نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے قابض فوج کی طرف سے وحشیانہ قتل عام قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 71 افراد شہید اور کم از کم 289 زخمی ہوئے ہیں جبکہ جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ مبینہ بم دھماکے کی تحقیقات کر رہی ہے۔

ایمبولینسوں کی بڑی تعداد کے ذریعے زخمیوں کو خان یونس کے ناصر اسپتال، رفح میں کویتی فیلڈ اسپتال اور دیگر قریبی کلینکوں میں منتقل کیا گیا۔

غزہ کے شہری دفاع کے ادارے کا کہنا ہے کہ جاری گولہ باری کی وجہ سے ان کی ٹیمیں خیمہ بستی میں متاثرین تک نہیں پہنچ سکیں جہاں ہزاروں افراد نے پناہ لی ہے۔

سول ڈیفنس کے ترجمان محمود باسل نے کہا کہ اب بھی بہت سے شہدا کی لاشیں سڑکوں، ملبے کے نیچے اور بے گھر افراد کے خیموں کے ارد گرد بکھری ہوئی ہیں جو قابض (اسرائیلی فوج) کی بھاری گولہ باری کی وجہ سے اسپتال نہیں پہنچائی جاسکیں جنہوں نے المواسی میں مقامات اور خیموں کو نشانہ بنایا۔

اسرائیل نے 7 اکتوبر کو حماس کے حملوں کے جواب میں غزہ کی پٹی کے دیگر حصوں میں اپنی فوجی کارروائی جاری رکھتے ہوئے المواسی کو ایک محفوظ علاقہ قرار دیا تھا۔

اقوام متحدہ کے فلسطینی امدادی ادارے اونرا نے اندازہ لگایا ہے کہ اس وقت پورے المواسی ضلع میں 1.5 ملین افراد رہ سکتے ہیں۔

کویت کے فیلڈ اسپتال کے سربراہ صہیب الحمس نے اس حملے کو ’حقیقی قتل عام‘ قرار دیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے کیوں کہ ان میں سے کئی کے جسمانی اعضا بھی کٹ چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ صحت کی دیکھ بھال کے نظام کی تباہی کے درمیان اب ایک حقیقی تباہی ہو رہی ہے۔

اسرائیلی اعداد و شمار کی بنیاد پر اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق یہ حملہ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے 281 ویں دن کیا گیا جس کے نتیجے میں 1،195 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔

فلسطینی گروپ نے 251 افراد کو بھی یرغمال بنایا جن میں سے 116 غزہ میں موجود ہیں، جن میں سے 42 کے بارے میں فوج کا کہنا ہے کہ وہ ہلاک ہو چکے ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی فوج کی جوابی کارروائی میں غزہ میں کم از کم 38 ہزار 345 افراد شہید ہو چکے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔

Comments

200 حروف