وزیراعظم شہبازشریف نے پاکستان ایگریکلچر اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن (پاسکو) کی نجکاری کے حوالے سے ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ اور پاسکو سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے گندم بورڈ کی تنظیم نو کی منظوری بھی دی اور بورڈ میں کسانوں کے نمائندوں کو شامل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ لینڈ انفارمیشن اینڈ مینجمنٹ سسٹم اور اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے نمائندگان کو بھی گندم بورڈ میں شامل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کئے جائیں۔

وزیراعظم نے وفاقی حکومت کو گندم کی خریداری کے حوالے سے متبادل حکمت عملی وضع کرنے اور اس سلسلے میں صوبوں، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں اور دیگر متعلقہ اداروں سے مشاورت کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کو گندم بورڈ اور ٹی او آرز کی تنظیم نو، گندم اور دیگر فصلوں کی پیداوار بڑھانے اور پاسکو میں اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو علی پرویز ملک، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ سینئر سرکاری حکام نے شرکت کی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف