وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شپنگ لائسنسز کی ریگولیشن اور بندرگاہوں پر جدید اسکیننگ مشینری کی جلد تنصیب کے لئے جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے لیاری ایکسپریس وے کو کارگو ٹریفک کے لئے 24 گھنٹے کھلا رکھنے پر زور دیا تاکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) سے سامان کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں بندرگاہوں کی ترقی سے ویلیو ایڈڈ صنعتوں کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو کراچی پورٹ ٹرسٹ پہنچنے پر بندرگاہوں اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان خطے میں کلیدی جغرافیائی اہمیت کا حامل ہے۔
قازقستان کے اپنے حالیہ دورے کے دوران انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور وسطی ایشیائی ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے لئے سمندری تجارت کے لئے سب سے موزوں راستہ فراہم کرتا ہے جنہوں نے تجارت کے لئے پاکستان کی بندرگاہوں کو استعمال کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں پر جدید نظام کو بہتر بنا کر اور ان تک رسائی حاصل کرکے پاکستان اربوں ڈالر کا زرمبادلہ کما سکتا ہے۔
کراچی میں بندرگاہوں کی ترقی سے ویلیو ایڈڈ صنعتوں کے ذریعے برآمدات میں اضافہ ہوگا ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ ٹرسٹ میں جدید آلات اور مشینری کی تنصیب کے ذریعے کسٹم کلیئرنس کے وقت کو کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔
بندرگاہوں پر جدید اسکیننگ مشینری کی جلد تنصیب کو یقینی بنایا جائے اور بندرگاہوں کی استعداد کار کو مکمل طور پر بروئے کار لانے کیلئے ترجیحی اقدامات کئے جائیں۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ لیاری ایکسپریس وے کو کارگو ٹریفک کے لئے 24 گھنٹے کھلا رکھا جائے تاکہ کراچی پورٹ ٹرسٹ سے سامان کی بلا تعطل ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے۔
انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ مال کی ترسیل کو مزید بہتر بنانے کے لئے ملیر ایکسپریس وے کو بندرگاہ سے منسلک کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ کراچی بندرگاہ سے ریل کے ذریعے سامان کی نقل و حمل کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے اور پورٹ قاسم پر ایل این جی جہاز کی فیس کو کم کیا جائے تاکہ بین الاقوامی نرخوں کے مطابق کیا جاسکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شپنگ لائسنسز کی ریگولیشن کیلئے جامع پلان تشکیل دے کر جلد پیش کیا جائے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن اپنے اخراجات کو کم کرنے اور اپنے آپریشنز کو مزید موثر بنانے کیلئے جامع منصوبہ پیش کرے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیحات میں نجی شعبے کی ترقی ، کاروبار میں آسانی اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا شامل ہے۔
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے معیشت مستحکم اور ترقی کر رہی ہے۔ حکومت برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے برآمد کنندگان کو ہر قسم کی سہولیات فراہم کررہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اتھارٹی اور نیشنل شپنگ کارپوریشن کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
اجلاس میں وفاقی وزراء محمد اورنگزیب، جام کمال خان، احسن اقبال، عطاء اللہ تارڑ، قیصر احمد شیخ، گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین پی این ایس سی، پی کیو اے، کے پی ٹی اور دیگر متعلقہ سینئر حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کو کراچی پورٹ ٹرسٹ، پورٹ قاسم اور پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کے آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کو ہدایت کی کہ بندرگاہ کی کارکردگی کا دیگر علاقائی بندرگاہوں سے موازنہ کرتے ہوئے رپورٹ پیش کی جائے۔
کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024
Comments