پاکستان

تیل و گیس کمپنیاں 3 سال میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کریں گی

  • پاکستان میں مقامی سطح پر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش ہماری اولین ترجیح ہے، وزیراعظم
شائع July 7, 2024

وزیراعظم آفس نے کہا ہے کہ پیٹرولیم اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں نے آئندہ تین سال میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے دوران پیٹرولیم اور گیس کی تلاش اور پیداوار ی کمپنوں کے وفد نے بتایا کہ پاکستان میں پیٹرولیم اور گیس کی تلاش کے لیے تین سال میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور 240 مقامات کی کھدائی کی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سرمایہ کاری سے ملک میں تیل و گیس کی مقامی پیداوار میں اضافہ ہوگا کیونکہ اس وقت پٹرولیم کی یومیہ پیداوار 70 ہزار 998 بیرل اور گیس کی یومیہ پیداوار 3 ہزار 131 ایم ایم سی ڈی ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پٹرولیم و گیس کی تلاش اور پیداوار کرنے والی کمپنیوں کو آف شور ذخائر تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں مقامی سطح پر تیل اور گیس کے ذخائر کی تلاش ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ درآمدات پر انحصار کم کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تیل اور گیس کی درآمد پر ہر سال اربوں ڈالر خرچ کرتا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ مقامی ذخائر سے پیداوار سے ملک کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور عام آدمی کے لیے ایندھن اور گیس سستی ہوجائے گی۔

گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے اجلاس کو بتایا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر ان تیل و گیس کی تلاش اور پیداواری کمپنیوں کی تمام تر رقوم منافع کے حساب سے ان کے ممالک کو بھیج دی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس شعبے کے تمام مسائل حل کریں اور پالیسی تجاویز جلد تشکیل شدہ کمیٹی کو پیش کریں۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی جس میں متعلقہ حکام، سیکرٹریز اور ماہرین شامل ہوں گے اور اس شعبے کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد کمیٹی ملک میں پیٹرولیم اور گیس کے ذخائر کی تلاش اور ترقی کے لیے پرکشش پالیسی بنانے کے لیے تجاویز مرتب کرے گی۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2024

Comments

200 حروف