پاکستان نے بنگلہ دیش، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ میچوں کے ساتھ ساتھ ایک روزہ سہ فریقی سیریز کا اعلان کردیا ہے جو اگلے سال فروری تک جاری رہے گی۔

سب سے پہلے بنگلہ دیشی ٹیم اگست میں دو ٹیسٹ میچز کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی، اس کے بعد اکتوبر میں انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ اور پھر جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان فروری میں ایک روزہ سہ فریقی سیریز کی میزبانی کرے گا جس کے بعد وہ فروری اور مارچ میں آٹھ ملکی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی میزبانی بھی کرے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور ملک کے موجودہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ یہ ٹائم ٹیبل بین الاقوامی کھیلوں کی میزبانی کے لئے قوم کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔

2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشتگردوں کے حملے کے بعد 2015 تک غیر ملکی ٹیموں نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا تھا، اس حملے میں سری لنکن ٹیم کے 7 کھلاڑی زخممی جبکہ 8 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

محسن نقوی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ سیریز بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی پوزیشن کو مضبوط بنانے اور ملک میں کھیل کے لئے طویل مدتی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے ہماری حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔

پاکستان نے گزشتہ چار سالوں میں آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور جنوبی افریقہ سمیت کرکٹ کے بڑے ممالک کی میزبانی کی ہے۔

1996 کے ورلڈ کپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر کرنے کے بعد چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ ملک میں پہلا بڑا کرکٹ ایونٹ ہوگا۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ 19 فروری سے 9 مارچ تک ہونے والے ٹورنامنٹ کے میچوں کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستان کا ہوم سیزن 2024-25

بنگلہ دیش کیخلاف پہلا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

دوسرا ٹیسٹ کراچی میں 30 اگست سے 3 ستمبر تک کھیلا جائے گا

انگلینڈ کیخلاف پہلا ٹیسٹ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔

دوسرا ٹیسٹ 15 سے 19 اکتوبر تک کراچی میں ہوگا۔

مہمان ٹیم کیخلاف تیسرا ٹیسٹ 24 سے 28 اگست تک راولپنڈی میں ہوگا۔ ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز کا پہلا ٹیسٹ 16 سے 20 جنوری تک کراچی میں ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ 24 سے 28 جنوری تک ملتان میں ہوگا۔

سہ فریقی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ نیوزی لینڈ کیخلاف ملتان میں 8 فروری کو ہوگا۔

10 فروری کو جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ مد مقابل ہوں گے۔

12 فروری کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں ٹکرائیں گی۔ سیریز کا فائنل 14 فروری کو ملتان میں ہوگا۔

چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلی جائے گی۔

Comments

200 حروف