پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا ایک اور تجارتی سیشن ہموار سطح پر بند ہوا ہے کیوں کہ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس 70 پوائنٹس کی کمی واقع ہوئی ہے جبکہ کاروباری حصص کے حجم اور قدر دونوں میں بھی کمی واقع ہوئی۔

جمعے کو کاروبار کے دوران انڈیکس کافی حد تک مثبت زون میں رہا اور یہ 344 پوائنٹس کے اضافے سے 80,627.49 پوائنٹس کی انٹرا ڈے بلند ترین سطح تک چلا گیا تھا۔

تاہم آخری گھنٹوں میں منافع لینے کا عمل شروع ہوا جس سے انڈیکس 70.01 پوائنٹس یا 0.09 فیصد کی کمی کے ساتھ 80,212.79 پر آ گیا۔

کاروبار کے دوران ملا جلا رجحان دیکھا گیا جس میں آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکوں اور ریفائنری میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیاں، او ایم سیز، کھاد اور سیمنٹ کے شعبے منفی زون میں رہے۔

انڈیکس ہیوی بینکنگ اسٹاکس بشمول ایچ بی ایل اور این بی پی مثبت زون میں رہے۔

جمعے کے روز معمولی گراوٹ کے باوجود بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ نئے بیل آؤٹ پروگرام پر معاہدے کی توقعات کی بدولت مارکیٹ میں مجموعی طور پر تیزی جاری ہے۔

عالمی سطح پر ایشیائی حصص مارکیٹوں نے جمعہ کو نئی بلندیوں کو چھو لیا کیونکہ سرمایہ کاروں نے ستمبر کے لئے امریکی شرح سود میں کمی کے اندازے لگائے جس کی وجہ سے تیزی کا رحجان رہا جبکہ فرانسیسی انتخابات سے قبل یورو تین ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔

تائیوان کے بینچ مارک کی طرح جاپان کے نکی اور وسیع تر ٹاپکس دونوں ریکارڈ سطح تک پہنچ گئے۔

جاپان سے باہر ایشیا پیسیفک کے حصص کا ایم ایس سی آئی کا وسیع ترین انڈیکس 0.2 فیصد بڑھ کر دو سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا جبکہ سام سنگ کے دوسری سہ ماہی کے منافع میں 15 گنا سے زیادہ اضافے کا تخمینے سے جنوبی کوریا کے کوسپی کو بھی دو سال کی بلند ترین سطح پر لے جانے میں مدد ملی۔

ایک اہم پیش رفت میں فرخ ایچ خان نے پی ایس ایکس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم گزشتہ سیشن کے 496.78 ملین سے کم ہو کر 448.98 ملین ہو گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن میں 19.3 ارب روپے سے کم ہو کر 18.9 ارب روپے ہوگئی۔ بینک آف پنجاب 34.4 ملین شیئرز کے ساتھ والیم لیڈر رہا۔ اس کے بعد نیشنل بینک ایکس ڈی 28.5 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی 25.1 ملین شیئرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔

جمعہ کو 432 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا جن میں سے 152 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ 229 میں کمی جبکہ 51 کے بھاؤ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

Comments

Comments are closed.