پاکستان کے سب سے بڑے کمرشل بینکوں میں سے ایک یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) نے تمام ریگولیٹری منظوریاں حاصل کرنے کے بعد یونائیٹڈ نیشنل بینک لمیٹڈ (یو این بی ایل) میں اپنے حصص کی فروخت کے لیے لین دین کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔

لسٹڈ کمپنی نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو اپنے نوٹس میں اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یونائیٹڈ نیشنل بینک لمیٹڈ میں یو بی ایل کے حصص کی فروخت کا معاہدہ 18 مارچ 2024 کو ہونے والے یو بی ایل کے 65 ویں سالانہ جنرل اجلاس میں یو بی ایل کے شیئر ہولڈرز کی جانب سے منظور شدہ تمام ریگولیٹری منظوریوں کے بعد مکمل ہوگیا ہے۔

گزشتہ سال ستمبر میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ (یو بی ایل) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اپنے مستقبل کے آپریشنز کے حوالے سے اہم اسٹریٹیجک فیصلے کیے تھے اور بیسٹ وے گروپ (بی جی) کی جانب سے یو این بی ایل برطانیہ میں یو بی ایل کی پوری 55 فیصد حصص حاصل کرنے کے لیے موصول ہونے والی ’اشارتی پیشکش‘ کی منظوری دی تھی۔

عارف حبیب لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے ایک نوٹ میں کہا کہ بیسٹ وے گروپ نے 25.49 ملین پاؤنڈ یا 32.6 ملین امریکی ڈالر کی قیمت پر 50.1 فیصد حصص پیشگی حاصل کیے ہیں اور باقی 4.9 فیصد حصص اسی قیمت، شرائط و ضوابط پر ابتدائی حصول کے 36 ماہ کے اندر خریدنے کا آپشن ہے۔

اس کے نتیجے میں یو این بی ایل برطانیہ کے حصص کو غیر مربوط بنیادوں پر نمٹانے پر 7.2 ارب روپے یا 5.87 روپے فی حصص کا سرمایہ حاصل ہوگا۔

بینک کے مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق اس سرمایہ کاری سے یو بی ایل کے کنسولیڈیٹڈ رسک ویٹڈ اثاثوں میں 339.4 ارب روپے کی کمی آئے گی اور بینک کے کنسولیڈیٹڈ کیپٹل ایڈیکوسی ریشو میں 200 بی پی ایس سے زائد کا اضافہ ہوگا۔

یو این بی ایل یوکے برطانیہ میں شامل ایک بینکاری ادارہ ہے۔ یو این بی ایل یو کے کا قیام 2001 میں یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ اور نیشنل بینک آف پاکستان کی برطانیہ کی شاخوں کے انضمام سے عمل میں آیا تھا۔

یو این بی ایل برطانیہ کی بنیادی سرگرمیاں مالیاتی اداروں کو ریٹیل بینکنگ، ہول سیل بینکنگ اور ٹریژری سروسز فراہم کرنا اور ہر حجم کے کاروباروں کو ٹریڈ فنانس کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔ یو این بی ایل برطانیہ یونائیٹڈ بینک یوکے کے تجارتی نام سے برطانیہ کے اندر ایک برانچ چلاتا ہے۔

Comments

200 حروف