ریڈیو پاکستان کی خبر کے مطابق، قطر نے جمعرات کو صحت، تعلیم، خوراک کی حفاظت، پانی اور توانائی جیسے موسمیاتی خطرات سے دوچار شعبوں میں پاکستان کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔
یہ توثیق آج اسلام آباد میں وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم کے ساتھ کرنل احمد عبداللہ العبداللہ کی قیادت میں قطر کے اعلیٰ سطحی تکنیکی وفد کی ملاقات میں سامنے آئی۔
ملاقات کے دوران، دونوں فریقوں نے موسمیاتی خطرے کے انتظام، ماحولیات کے تحفظ، پانی کے انتظام، توانائی، جنگلات اور آفات کے خطرے کے انتظام پر تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
قطری وفد نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پاکستان کو ہر ممکن تکنیکی اور غیر تکنیکی مدد فراہم کرنے اور ماحولیاتی تحفظ، قومی آفات کے خطرے کے انتظام اور سیلاب سے بچاؤ کے اہداف میں اس کی مدد کرنے کا عہد کیا۔
انہوں نے وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر کو بتایا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے میں مدد دینے کیلئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر نے وفد کو موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی صلاحت بڑھانے اور ملک کی کمزور کمیونٹیز کی زندگیوں اور معاش کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات سے دوچار ہے جو اس کی معیشت کے مختلف شعبوں کو متاثر کررہے ہیں اور مون سون کے دوران گرمی کی لہر اور تباہ کن سیلابوں کو جنم دیتے ہیں۔
وفد کے سربراہ کرنل احمد عبداللہ العبداللہ نے ماحولیاتی تحفظ، موسمیاتی خطرات کے انتظام اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے حکومت کے اقدامات کو سراہا۔
رومینہ خورشید عالم نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحولیاتی تحفظ کے اہداف کے حصول کے لیے تعاون کے وعدے پر قطری وفد کا شکریہ ادا کیا۔
Comments
Comments are closed.