پاکستان کی دوا ساز کمپنی سٹی فارما لمیٹڈ (سی پی ایچ ایل)نے بھارت کی مرلی کرشنا فارما پرائیویٹ لمیٹڈ (ایم کے پی ایل) کے ساتھ اسٹریٹجک شراکت داری قائم کی ہے۔

معاہدے کے تحت ایم کے پی ایل پاکستانی مارکیٹ میں سٹی فارما لمیٹڈ کوخصوصی طور پر اعلیٰ معیار کے ایکٹو فارماسیوٹیکل اجزاء (اے پی آئیز)اور مصنوعات فراہم کرے گا۔

منگل کوسٹی فارما لمیٹڈ نےپاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس)کو اپنے نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔

نوٹس میں کہا گیا کہ سٹی فارما لمیٹڈ کو یہ اعلان کرتے ہوئے بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ کمپنی نے مرلی کرشنا فارما پرائیویٹ لمیٹڈ کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جو ہندوستان کے متعلقہ قوانین کے تحت شامل اور موجود کمپنی ہے۔

مرلی کرشنا فارما پرائیوٹ لمیٹڈ20 سال پرانا ادارہ ہے جو فارماسیوٹیکل تیاریوں کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لئے جدید حل فراہم کرتا ہے۔

سٹی فارما لمیٹڈ نے کہا کہ اس خصوصی اسٹریٹجک شراکت داری کا مقصد شرائط و ضوابط قائم کرنا ہے جس کے تحت مرلی کرشنا فارما پرائیویٹ لمیٹڈ پاکستانی مارکیٹ میں سی پی ایچ ایل کو خصوصی طور پر اعلی معیار کی اے پی آئیز اور مصنوعات فراہم کرے گا۔

معاہدےکے تحت ایم کے پی ایل سٹی فارما کے علاوہ پاکستان کی کسی بھی دوسری کمپنی کو این ون فارم (جس فارم میں وہ ہمیں فراہم کریں گے) میں سے کسی بھی اے پی آئیز کی فراہمی نہیں کرے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ خصوصیت اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ سٹی فارما لمیٹڈ کو ان خصوصی مصنوعات کی پاکستان کے اندر مارکیٹنگ، تقسیم اور فروخت کا واحد حق حاصل ہوگا۔

سٹی فارما کے مطابق معاہدے سے کاروبار میں 2.8 ارب روپے کا اضافہ متوقع ہے جبکہ فروخت کی لاگت میں 2.38 ارب روپے کا اضافہ متوقع ہے۔

معاہدے کی وجہ سے آپریشنل لاگت میں اضافہ کم سے کم متوقع ہے کیونکہ ہم سٹی فارما کے موجودہ وسائل سے فائدہ اٹھائیں گے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ معاہدے کے پہلے مرحلے (پہلے دو سال) کی کامیابی سے تکمیل کے بعد دونوں کمپنیوں نے اپنی سپلائی چین کو دیگر ممالک تک توسیع دینے پر تبادلہ خیال اور بات چیت کرنے پر اتفاق کیا ہے جس میں امریکہ اور سعودی عرب بھی شامل ہیں۔

یہ شراکت داری نہ صرف ہمارے پروڈکٹ پورٹ فولیو کو مضبوط کرتی ہے بلکہ اپنے صارفین کو اعلیٰ معیار کی فارماسیوٹیکل مصنوعات کی فراہمی کے عزم کی بھی توثیق کرتی ہے۔

منگل کوسٹی فارما کے حصص کی قیمت 2.66 روپے اضافے کے بعد 32.19 روپے پر بند ہوئی۔

Comments

200 حروف