آج نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ اسلام آباد کی ایک عدالت نے کرپشن کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔

اڈیالہ جیل راولپنڈی کے جج محمد علی وڑائچ نے تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی اہلیہ کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ز کیس کی سماعت 5 جولائی تک ملتوی کردی۔

فیصلے کے بعد بشریٰ بی بی کو جیل سے رہا کیے جانے کا امکان نہیں ہے کیونکہ وہ خان سے اپنی شادی کے حوالے سے سزا کاٹ رہی ہیں، جسے غیر قانونی قرار دیا گیا تھا۔

نیب نے مارچ 2023 میں القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا تھا جسے اب 190 ملین پاؤنڈ ز کا ریفرنس کہا جاتا ہے اور 28 اپریل کو اسے تحقیقات میں تبدیل کردیا گیا تھا۔

نیب کے مطابق عمران خان اور ان کی اہلیہ نے بحریہ ٹاؤن کے ملک ریاض سے اربوں روپے اور سیکڑوں کنال زمین حاصل کی جس کے بدلے میں 50 ارب روپے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے ساتھ تصفیے کے طور پر ادا کیے گئے اور اسے سپریم کورٹ کی جانب سے ان پر عائد جرمانے کے بدلے ایڈجسٹ کیا گیا۔

گزشتہ سال مئی میں رینجرز کی بھاری نفری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے میں پی ٹی آئی کے سربراہ کو اس کیس میں گرفتار کیا تھا جہاں وہ اپنے خلاف درج متعدد ایف آئی آرز میں ضمانت کی درخواست کر رہے تھے۔

بعد ازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی احاطے میں عمران خان کی گرفتاری کو ’قانونی‘ قرار دے دیا۔

Comments

200 حروف