امریکا کی جانب سے ایک مرتبہ پھر بانی تحریک انصاف عمران خان پر مقدمات کو پاکستان کا اندرونی معاملہ قرار دے دیا گیا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی گرفتاری سے متعلق اقوام متحدہ کے بیان کے بعد نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل نے پریس بریفنگ میں کہا کہ عمران خان کی قید پاکستان کا داخلی معاملہ ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے متعلق پہلے بھی کہ چکے ہیں کہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے ۔
قبل ازیں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کے ورکنگ گروپ نے کہا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی قید یکطرفہ اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ مناسب یہ ہوگا کہ عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور انہیں بین الاقوامی قوانین کے مطابق معاوضے اور دیگر معاوضوں کا قابل نفاذ حق دیا جائے۔
پیر کو جاری ہونے والی ایک رائے میں اقوام متحدہ کے ورکنگ گروپ نے کہا کہ عمران خان کی قید کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے ، ایسا لگتا ہے کہ اس کا مقصد انہیں سیاسی عہدے کے لیے نااہل قرار دینا ہے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی گزشتہ سال اگست سے جیل میں ہیں اور رواں سال فروری میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل انہیں کچھ مقدمات میں سزا بھی سنائی گئی تھی۔
وہ درجنوں دیگر مقدمات بھی لڑ رہے ہیں جو جاری ہیں۔
دریں اثنا ویدانت پٹیل نے امریکی ایوان نمائندگان کی جانب سے منظور کی گئی حالیہ قرارداد پر بات کرنے سے انکار کردیا جس میں ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں بے ضابطگیوں کے دعووں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں یہ بھی نوٹ کروں گا کہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ اور ہمارے جمہوری نظام میں، کانگریس حکومت کی ایک الگ لیکن مساوی شاخ ہے۔
ویدانت پٹیل نے مزید کہا کہ جب پاکستان کی بات آتی ہے تو امریکہ کے اعلیٰ ترین حکام چاہے وہ محکمہ خارجہ کے وزیر خارجہ انٹونی بلنکن ہوں، معاون وزیر ڈونلڈ لو یا سفیر ڈونلڈ بلوم ہوں، نے مسلسل ، نجی اور عوامی طور پر پاکستان پر زور دیا کہ وہ اپنے آئین اور بین الاقوامی وعدوں کے مطابق اپنے عوام کے حقوق کا احترام کرے۔
پاکستان کے انتخابات ہماری توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں
مزید برآں، امریکی عہدیدار نے پاکستانی انتخابات کی ساکھ اور بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات پر بھی تبصرہ کیا۔
“یہ ایک ایسی چیز ہے جسے ہم نے پاکستان میں اپنے شراکت داروں کے ساتھ اٹھایا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہماری توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
Comments
Comments are closed.