لکی موٹر کارپوریشن نے اپنی کیا اسٹونک ایکس پلس کی قیمت میں 7 لاکھ 80 ہزار روپے اضافہ کرکے دوبارہ بکنگ شروع کردی ، یہ گاڑی اب پاکستان میں 55 لاکھ روپے میں فروخت ہو رہی ہے ۔ واضح رہے کہ لکی موٹر کارپوریشن پہلے کیا لکی موٹرز پاکستان کے نام سے جانی جاتی تھی۔

رواں سال اپریل میں کمپنی نے اسٹونک ای ایکس پلس کی قیمت میں 25 فیصد کمی یعنی 15 لاکھ 13 ہزار روپے کمی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد شوروم جا پہنچی ۔ بعدازاں کمپنی نے جلد ہی اسٹونک کی مزید بکنگ ستمبر تک بند کردی۔

تاہم کمپنی نے دوماہ قبل ہی بکنگ دوبارہ شروع کردی ہے ۔ کمپنی نے کہا ہے کہ وہ یکم جولائی 2024 سے آرڈرز کھول رہی ہے اورڈلیوری دسمبر میں کی جائے گی ۔

ایک نوٹس میں کہا گیا کہ کیا اسٹونک پر 5 سالہ جشن محدود مدت کی پیشکش پر ملنے والے زبردست ردعمل سے ہماری حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

تاہم توقع سے زیادہ مانگ کی وجہ سے ہمارے پاس بکنگ کو عارضی طور پر معطل کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا کیوں کہ ہم اپنے اسٹاک کی صورتحال کو واضح کرنا چاہتے تھے۔

اپنے صارفین کی کیا اسٹونک بک کرنے کی خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں 5.5 ملین روپے کی قیمت پر کیا اسٹونک ای ایکس پلس کی بکنگ دوبارہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔

آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن (اے پی ایم ڈی اے) کے چیئرمین ایچ ایم شہزاد کا کہنا ہے کہ جب کیا نے قیمت میں 15 لاکھ روپے سے زائد کی کمی کی تو سرمایہ کاروں نے تمام انونٹری خریدلی۔

تاہم قیمتوں میں کمی کے بعد سرمایہ کار اسٹونک گاڑیوں کی فروخت پر تقریبا 8 لاکھ روپے وصول کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ کمپنی نے اب اسے دوبارہ متعارف کرایا ہے کیونکہ خریدار اسے تقریبا 0.8 ملین روپے زیادہ قیمت پر خریدنے کیلئے تیار تھے۔

اس سے قبل جب کمپنی نے گاڑی کی قیمت میں تقریبا 25 فیصد کمی کی تھی تو ایک تجزیہ کار کابزنس ریکارڈر کو کہنا تھا کہ یہ کمی گاڑی کی کم طلب کی وجہ سے ہوئی ہے ۔

Comments

200 حروف