پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز (پرائیویٹ) لمیٹڈ (ٹی پی ایل) کے حصول کیلئے عالمی بینک کے رکن انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) سے 400 ملین ڈالر تک کا قرض حاصل کرلیا۔
ٹیلی کام کمپنی نے جمعہ کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو ایک نوٹس کے ذریعے اس پیش رفت سے آگاہ کیا۔
مزید برآں 8 اپریل 2024 کو لکھے گئے خط میں بتایا گیا کہ انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ٹی پی ایل کے حصول کے لیے پی ٹی سی ایل کو 400 ملین ڈالر تک کے قرضوں کی فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے جبکہ آئی ایف سی کے ساتھ فنانسنگ معاہدوں پر دستخط کرنے کے لئے ورک اسٹریمز کو حتمی شکل دینے کا کام جاری ہے، توقع ہے کہ یہ 31 جولائی 2024 یا اس سے قبل مکمل ہوجائے گی۔
اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا کہ فنانسنگ معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے بعد قرضوں کی فنانسنگ کی تفصیلات ظاہر کی جائیں گی۔
پی ٹی سی ایل نے کہا ہے کہ اس نے ٹیلی نار پاکستان اور اورین ٹاورز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے حصول کے لیے 27 جون 2024 کو آئی ایف سی کی زیر قیادت کنسورشیم جس میں سلک روڈ فنڈ (ایس آر ایف) اور برٹش انٹرنیشنل انویسٹمنٹ (بی آئی آئی) شامل ہیں، کے ساتھ ایک سالہ رعایتی مدت کے فنانسنگ معاہدوں کے ساتھ سات سال کا معاہدہ کیا ہے۔
پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ 400 ملین ڈالر تک کا قرض دو سال مکمل ہونے پرسہ ماہی اقساط میں ادا کیا جائے گا۔
کمپنی نے مزید کہا کہ اس کے تحت فنانسنگ کی تقسیم اس طرح کے فنانسنگ معاہدوں میں بیان کردہ شرائط کی تکمیل کے بعد ہوگی۔
گزشتہ سال ٹیلی کام شعبے میں بڑے پیمانے پر استحکام کے لیے پی ٹی سی ایل نے ٹیلی نار پاکستان کے شیئر ہولڈرز کے ساتھ 108 ارب روپے (385 ملین ڈالر) کے 100 فیصد حصص کے حصول کے لیے حصص کی خریداری کا معاہدہ (ایس پی اے) کیا تھا۔
اس وقت پی ٹی سی ایل نے بتایا تھا کہ اس حصول کو بیرونی قرضوں سے مالی اعانت فراہم کی جائے گی۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ ٹرانزیکشن ٹیلی کام مارکیٹ میں استحکام کا موقع فراہم کرتی ہے جس سے بنیادی طور پر ٹیلی کام سیکٹر کا طویل المیعاد نقطہ نظر بہتر ہوگا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ اس ٹرانزیکشن سے مشترکہ اداروں کی صلاحیتوں میں بھی بہتری آئے گی اور صارفین کو بہتر کوریج اور خدمات کے معیار میں بہتری آئے گی اور کاروباری اداروں کے لیے مواصلاتی حل تک وسیع تر رسائی ممکن ہوگی جبکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ٹرانزیکشن سے پی ٹی سی ایل گروپ کی موبائل، فکسڈ اور مائیکرو فنانسنگ میں معروف آپریٹر کی حیثیت سے پوزیشن مزید مستحکم ہوگی جو ٹرانزیکشن مکمل ہونے پر 70 ملین سے زائد صارفین کو خدمات فراہم کرے گا۔
پی ٹی سی ایل کے بڑے اثاثوں میں یوفون بھی شامل ہے جو پاکستان میں موبائل آپریٹر ہے جس کے 20 ملین سے زائد صارفین ہیں۔ اتصالات، جس کے پاس ایک اہم اقلیتی حصص ہے، حکومت پاکستان کے ساتھ ایک معاہدے کے تحت اسے چلاتا ہے، جس کے پاس اکثریتی حصص ہے۔
کمپنی کے تازہ ترین مالیاتی نتائج کے مطابق پی ٹی سی ایل گروپ کی آمدنی سال بہ سال 25.8 فیصد اضافے کے ساتھ 190.6 ارب روپے تک پہنچ گئی جس کی بنیادی وجہ مضبوط کارکردگی ہے۔
Comments
Comments are closed.