پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنی بجٹ تقریر 2024-25 میں کہا کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے خطرات کا سامنا ہے اور اس لئے موسمیاتی تبدیلی کو کم کرنے کی کوشش میں حکومت نے متعدد اقدامات کیے ہیں۔

تاہم موسمیاتی ماہرین شکوک و شبہات کا شکار ہیں جن کا کہناہے کہ کچھ اقدامات ہوسکتے ہیں تاہم وہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے اور موافقت کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئے کافی نہیں ہیں۔

دی سٹیزنری میں پالیسی ریسرچر سعدیہ صدیقی کا کہنا ہے کہ اگرچہ سالانہ پلان 24-25 اور بجٹ کے بیان میں بہت سارے باب اور دعوے موجود ہیں تاہم ایسا نہیں لگتا کہ یہ موسمیاتی تبدیلی کے اہداف کے مطابق ہے۔

سٹیزنری ایک تحقیقاتی پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد ان پالیسیوں کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے جو عام شہریوں کی زندگیوں کو شدید متاثر کرتی ہیں لیکن اکثر نظر انداز کردی جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ کاربن ٹیکس کا کوئی ذکر نہیں ہے۔ ایسی اطلاعات تھیں کہ یہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کو مطمئن کرنے کے لیے لگایا جائے گا۔

سعدیہ نے کہا کہ دستاویز میں ہیٹ ویو کا ذکر کیا گیا ہے لیکن اس سے نمٹنے کیلئے کوئی حکمت عملی یا منصوبہ موجود نہیں ہے۔

ان کے بقول بجٹ کے بیان میں موسمیاتی تبدیلیوں میں تخفیف کا بھی ذکر ہے کہ اگر ہم نے اقدامات نہیں کیے تو یہ تباہی کی وجہ سے معاشی سرگرمیوں پر منفی اثر ڈالے گا۔

”لیکن اس بارے میں کوئی وضاحت یا منصوبہ نہیں ہے کہ یہ کس طرح حاصل کیا جائے گا۔“

وزیر خزانہ نے بجٹ تقریر میں سولر پینلز، انورٹرز اور متعلقہ آلات کے خام مال پر صفر درآمدی ڈیوٹی کا اعلان کیا جو اسے مقامی بنانے کی حکومتی کوشش ہے۔

توانائی اور ماحولیات سے متعلق تھنک ٹینک رینیوایبل فرسٹ کے منیجر ریسرچ اینڈ نیٹ ورکس محمد باسط غوری کا کہنا ہے کہ کسٹم ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کا خاتمہ کمپنیوں کو پاکستان میں سولر پینل پلانٹس لگانے کی ترغیب کے لیے کافی نہیں ہوگا۔

اس کے بجائے مستقل پالیسیوں کے ذریعے پی وی کی مستحکم اور مخصوص طلب کو یقینی بنا کر صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے ایک زیادہ جامع نقطہ نظر کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا یہ چین کے ساتھ زبردست مقابلہ ہوگا جو سستے پینل تیار کرتا ہے۔

وزیر خزانہ نے یہ بھی ذکر کیا کہ حکومت شمسی پینل کی درآمدات پر انحصار کم کرنے، قیمتی زرمبادلہ کی بچت، مقامی ضروریات کو پورا کرنے اور برآمدی پینلز کو بھی کم کرنے کی امید رکھتی ہے۔

تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کو درآمد شدہ سولر پینلز پر بھاری ڈیوٹی عائد کرنا ہوگی تاکہ مقامی طور پر تیار کردہ پینل موزوں ثابت ہوسکیں۔

محمد باسط غوری نے کہا کہ اس سے مارکیٹ میں پینلز کی قیمت بڑھ جائے گی، اس لیے مانگ پر منفی اثر پڑے گا۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ سستی بجلی کے ذریعے پینلز کی مقامی پیداوار پر سبسڈی دینے سے مقامی پیداوار کی قیمتوں کو کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں یہ دیکھا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر حکومت نے 2011 میں ونڈ پاور کو فروغ دیا تھا جہاں حکومت نے سی پیک کے تحت تھرمل پلانٹس پر توجہ مرکوز کرنے سے پہلے 2015 تک فنانسنگ میں 50 فیصد سے زیادہ سالانہ نمو دیکھی تھی جس کے بعد ہوا سے بجلی تیار کرنے کی طرف منتقلی میں کمی واقع ہوئی ہے اور ابھی تک وہ ترقی دوبارہ نہیں دیکھی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ای بائیکس کے لیے 4 بلین روپے مختص کرنا بھی ٹرانسپورٹ کے شعبے سے فوسل فیول کے اخراج میں کمی کو پورا کرنے کے لیے ناکافی ہے جو کہ 2030 کے موسمیاتی تبدیلی کے تخفیف کے اہداف کو حاصل کرنے کا ایک اہم پہلو ہے۔

انرجی اکنامکس میں پی ایچ ڈی اور سسٹین ایبل ڈیولپمنٹ پالیسی انسٹی ٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کے ریسرچ فیلو ڈاکٹر خالد ولید نے موسمیاتی تبدیلی کے نقطہ نظر سے بجٹ کے کچھ مثبت پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

ڈاکٹر ولید نے کہا کہ وزیر خزانہ کی تقریر میں بنیادی اصلاحات اور موسمیاتی مطابقت پر حکومت کی ترجیحات کا ذکر کیا گیا جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آئی ایم ایف نے موسمیاتی تبدیلی کے خدشات کو شامل کرنے کے لئے اپنے فریم ورک کو اپ ڈیٹ کیا ہے۔

پہلے پیما (پبلک انویسٹمنٹ مینجمنٹ اسسمنٹ) کے نام سے جانا جاتا تھا لیکن اب یہ سی پی آئی ایم اے (کلائمٹ پبلک انویسٹمنٹ مینجمنٹ اسسمنٹ) ہےاس کا مطلب ہے کہ پبلک سیکٹر کی تقریباً 20 فیصد سرمایہ کاری کو موسمیاتی معاونت اور موسمیاتی مطابقت کے منصوبوں کے لیے وقف کیا جانا چاہیے۔

ڈاکٹر ولید نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے لیے موسمیاتی تبدیلی ڈویژن کے لیے 6 ارب 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ یہ موجودہ مالی سال کے 4 ارب روپے کے مقابلے میں اضافہ ہے ، لیکن مالی سال 2022 میں مختص 14.327 بلین روپے سے اب بھی کم ہے جب پاکستان کو تباہ کن سپر سیلاب کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ڈاکٹر ولید نے نشاندہی کی کہ بجٹ کی تاریخ میں پہلی بار حکومت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے 53 ارب روپے اور موسمیاتی تبدیلی کے خاتمے کے لیے 225 ارب روپے کے منصوبوں کی ٹیگنگ کی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی کے منصوبے نہیں ہیں بلکہ ان کے موسمیاتی فوائد کے لئے ٹیگ کیے گئے ہیں ، جیسے پل کا منصوبہ جو موسمیاتی مطابقت بھی پیش کرتا ہے۔ وزیر خزانہ کی تقریر میں کلائمٹ فنانسنگ کو راغب کرنے کے لئے متعدد اقدامات شامل تھے۔

ڈاکٹر ولید نے بتایا کہ ایک کلائمٹ فنانس اور ڈیٹا ڈیش بورڈ تیار کیا گیا ہے جبکہ اکتوبر 2024 تک ایک قومی موسمیاتی مالیاتی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔

مزید برآں، ایک قومی ڈیجیٹل کلائمیٹ فنانس مانیٹرنگ ڈیش بورڈ تیار کیا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر ولید نے ہنگامی حالات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاریوں کیلئے بجٹ میں مختص رقم میں اضافے کی نشاندہی کی۔

اس سال مون سون کے ممکنہ سیلاب کے پیش نظر 313 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جو گزشتہ سال کے 250 ارب روپے سے زیادہ ہیں۔

بجٹ میں جامشورو کول پاور پلانٹس کے لیے فنانسنگ بھی شامل ہے۔

کوئلے میں سرمایہ کاری پاکستان کے ماحولیاتی کمزوری کے موقف کے منافی ہے۔ ڈاکٹر ولید نے خبردار کیا کہ حکومت کو کوئلے میں سرمایہ کاری نہیں کرنی چاہیے کیونکہ یہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کے مؤقف کی نفی کرتا ہے۔

Comments

200 حروف