اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر 239 ملین ڈالر کم ہوکر 9 ارب ڈالر سے نیچے آگئے

مرکزی بینک نے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کی وجہ بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں بتائی ہیں۔
شائع June 27, 2024 اپ ڈیٹ June 28, 2024

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق اس کے زرمبادلے ذخائر میں ہفتہ وار بنیادوں پر 239 ملین ڈالر کی کمی ہوئی ہے اور یہ 21 جون کو ختم ہونے والے ہفتے میں 8.896 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔

ملک کے پاس کل مائع غیر ملکی ذخائر 14.207 بلین ڈالر رہے۔ کمرشل بینکوں کے پاس موجود خالص غیر ملکی ذخائر 5.311 بلین ڈالر رہے۔

مرکزی بینک نے غیر ملکی زرمبادلہ ذخائر میں کمی کی وجہ بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں بتائی ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 21 جون 2024 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کی وجہ سے اسٹیٹ بینک کے ذخائر 23 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کم ہو کر 8 ہزار 895.8 ملین ڈالر رہ گئے۔

گزشتہ ہفتے پاکستان کے مرکزی بینک کے ذخائر میں 31 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا تھا۔

اسٹیٹ بینک کے ذخائر مئی میں 1.114 ارب ڈالر کے اضافے کے بعد تقریبا دو سال بعد 9 ارب ڈالر تک پہنچ گئے تھے۔

ڈالر کے ذخائر میں یہ اضافہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پروگرام کی 1.1 ارب ڈالر کی آخری قسط کی عکاسی کرتا ہے۔

Comments

200 حروف