عام انتخابات کی تحقیقات: امریکا کے جواب میں پاکستان اپنی قرارداد منظور کرے گا، اسحاق ڈار
- پاکستان کی تیار کردہ قرارداد کا مسودہ اپوزیشن اور حکومتی بینچوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا، وزیر خارجہ
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جمعرات کو کہا کہ پاکستان بھی اس سال ہونے والے عام انتخابات کی تحقیقات سے متعلق امریکی قرارداد کے جواب میں ایک قرارداد پاس کرے گا۔
قومی اسمبلی کے فلور پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ حکومت نے امریکی قرارداد کا نوٹس لے لیا ہے اور پاکستان کی تیار کردہ قرارداد کا مسودہ اپوزیشن اور حکومتی بینچوں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔
انہوں نے حکومت اور حزب اختلاف کے بینچوں کے درمیان خودمختاری اور اتحاد پر زور دیا۔
قبل ازیں امریکی ایوان نمائندگان نے پاکستان میں رواں سال فروری میں ہونے والے عام انتخابات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کے حق میں ووٹ دیا تھا۔
مجموعی طور پر 368 امریکی اراکین نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا جس میں پاکستان کے فروری 2024 کے انتخابات میں مداخلت یا بے ضابطگیوں کے دعوئوں کی مکمل اور آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
قرارداد میں پاکستان کے عوام کی جمہوریت میں شرکت کو دبانے کی کوششوں کی مذمت کی گئی جس میں ہراساں کرنے، ڈرانے دھمکانے، تشدد، من مانی حراست، انٹرنیٹ اور ٹیلی مواصلات تک رسائی پر پابندی یا ان کے انسانی، شہری یا سیاسی حقوق کی خلاف ورزی شامل ہے۔
بیان میں حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ جمہوری اور انتخابی اداروں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھے ۔ بیان میں حکومت سے کہا گیا کہ وہ پاکستان میں آزادی صحافت، عوام کی اجتماع کی آزادی اور اظہار رائے کی بنیادی ضمانتوں کا احترام کرے۔
Comments
Comments are closed.