آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں جنوبی افریقا نے بارش سے متاثرہ میچ میں ویسٹ انڈیز کو 3 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ ایونٹ کی میزبان ٹیم ویسٹ انڈیز پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا سکی۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے روسٹن چیز 52 رنز بناکر نمایاں رہے، اس کے علاوہ کائل میئرز نے 35، آندرے رسل نے 15 رنز بنائے۔

شائے ہوپ صفر، نکولس پورن اور کپتان پاوول ایک، ایک ، عقیل حسین 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ الزاری جوزف 11 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے تبریز شمسی نے 3 وکٹیں حاصل کیں، یانسن، مارکرم، مہاراج اور رباڈا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا نے بیٹنگ شروع کی تو 15 رنز پر دو کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے جس کے بعد بارش کے باعث میچ میں تعطل آیا تاہم کھیل دوبارہ شروع ہوا تو جنوبی افریقا کو 17 اوورز میں 123 رنز کا ہدف حاصل کرنا تھا۔

کپتان ایڈن مارکرم 18 رنز، ٹرسٹن اسٹبز 29 اور ہینرچ کلاسن 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ مارکو جینسن 21 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ وہے اور انہوں نے میچ جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ویسٹ انڈین باولر روسٹں چیس نے 3 اوور میں 12 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔

جنوبی افریقا کے کھلاڑی تبریز شمسی کا کہنا تھا کہ آخری بار جب میں یہاں کھیلا تھا تو میں 50 رنز دیے تھے جس پر کافی باتیں ہوئی تھیں ۔

انہوں نے کہا کہ میں واپس آکر اپنا کردار ادا کرنے پر خوش ہوں۔

ویسٹ انڈیز کے کپتان روومین پاول نے کہا کہ یہ ایک بیٹنگ پرفارمنس ہے جسے ہم بھولنے کی پوری کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بالزر نے ہدف کا دفاع کرنے کے لیے پوری کوشش کی ۔

فاتح کپتان مارکرم نے کہا کہ سیمی فائنل میں جگہ بنانے سے بہت راحت ملی ہے لیکن ہم اس سے برین واش نہیں ہوں گے ۔

ہو سکتا ہے کہ ہم نے کھیل کو بہت جلد ختم کرنے کی کوشش کی ہو، لیکن اب تک مقابلے کی یہی کہانی رہی ہے۔

ہم خود کو مشکل پوزیشنوں میں لے جاتے ہیں اور پھر لائن کو عبور کرنے کے لئے لڑنا پڑتا ہے۔

Comments

200 حروف