اسرائیلی ٹینکوں کی رفح کے مواسی پناہ گزین کیمپ کی طرف پیشقدمی
غزہ کے جنوبی شہر رفح کے شمال مغرب میں حماس کے جنگجوؤں کے ساتھ شدید لڑائی کے دوران اسرائیلی ٹینک وں نے مواسی بے گھر افراد کے کیمپ کے کنارے کی جانب پیش قدمی کی ہے۔
ساحلی علاقے کی نگرانی کرتے پہاڑی کی چوٹی پر تعینات دو اسرائیلی ٹینکوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں لیکن رائٹرز آزادانہ طور پر ان کی تصدیق نہیں کرسکا۔
ایک رہائشی نے چیٹ ایپ پر بتایا کہ شدید لڑائی جاری ہے، قابض افواج اب مواسی کے علاقے کو نظر انداز کر رہی ہیں جس کی وجہ سے وہاں کے خاندان خان یونس کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔
حماس کے زیر انتظام فلسطینی علاقے پر اسرائیل کے حملے کو آٹھ ماہ سے زیادہ کا عرصہ گزر چکا ہے اور اس پیشقدمی کیلئے اس کی توجہ ان دو علاقوں پر مرکوز ہے جن پر اس کی افواج نے ابھی تک قبضہ نہیں کیا ہے، غزہ کے جنوبی سرے پر رفح اور مرکز میں دیر البلاح کے آس پاس کا علاقہ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی ٹینکوں نے حالیہ دنوں میں مغربی اور شمالی رفح میں شدید بمباری کی ہے جس سے درجنوں مکانات تباہ ہو گئے ہیں۔
اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ وہ رفح کے علاقے میں ’انٹیلی جنس بیسڈ، ٹارگٹڈ آپریشنز‘ جاری رکھے ہوئے ہے اور اس نے ہتھیاروں کے ذخیرے اور سرنگوں کا سراغ لگا لیا ہے اور فلسطینی مسلح افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا ہے۔
حماس اور اسلامی جہاد تحریک کے مسلح ونگز نے کہا کہ ان کے جنگجوؤں نے رفح میں اسرائیلی فورسز پر ٹینک شکن راکٹوں، مارٹر بموں اور پہلے سے نصب دھماکہ خیز آلات سے حملہ کیا۔
دوسری جانب اسرائیل کے فضائی حملے میں غزہ شہر کے مضافاتی علاقے سبرا میں 8 فلسطینی شہید اور وسطی غزہ کے علاقے نصیرات میں 2 افراد شہید ہوئے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے پوری پٹی میں درجنوں اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔
ہفتے کے روز فلسطینی صحت کے حکام نے کہا کہ غزہ کے کچھ شمالی اضلاع میں الگ الگ اسرائیلی حملوں میں کم از کم 40 فلسطینی مارے گئے، جہاں اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے حماس کے فوجی ڈھانچے پر حملہ کیا ہے۔
حماس نے کہا کہ اسرائیلی حملوں میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔
شمالی غزہ کی پٹی کے علاقے بیت لاہیا میں کمال ادوان ہسپتال کے صحت حکام کا کہنا ہے کہ غذائی قلت کی وجہ سے ایک بچہ دم توڑ گیا ہے جس کے بعد 7 اکتوبر سے اب تک غذائی قلت یا پانی کی کمی سے مرنے والے بچوں کی تعداد کم از کم 30 ہو گئی ہے۔
اسرائیلی جارحیت نے غزہ کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے۔ فلسطینی محکمہ صحت کے حکام کے مطابق غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی فوج کے حملوں اور بمباری کے نتیجے میں 37,400 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ اسرائیلی فوج نے غزہ کی پوری آبادی کو کو بے گھر اور بے سہارا کر دیا ہے۔
Comments
Comments are closed.