امریکہ نے کہا ہے کہ وہ ہندوستان اور پاکستان دونوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان براہ راست بات چیت کی حمایت کرتا ہے۔

ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیوملر نے یہ بات ایک پریس بریفنگ میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کے درمیان ہونے والی حالیہ بات چیت کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

میتھو ملر نے کہا کہ پاک بھارت مذاکرات کی رفتار اور دائرہ کار کا تعین انہیں خود کرنا ہے، ہم بھارت اور پاکستان دونوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزیر اعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بھارتی ہم منصب مودی کو مسلسل تیسری بار انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔

بھارتی وزیر اعظم نے بھی شہباز شریف کے پیغام کا جواب دیا۔

دریں اثنا ترجمان سے پوچھا گیا کہ کیا واشنگٹن تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان کو ہتھیار فراہم کرنے پر غور کر رہا ہے۔

میتھیومل نے جواب دیا کہ علاقائی سلامتی کو درپیش خطرات سے نمٹنے میں واشنگٹن اور پاکستان کے مشترکہ مفادات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے اعلیٰ سطح انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ کے ذریعے سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے ساتھ شراکت داری کرتے ہیں جس میں انسداد دہشت گردی کی استعداد کار بڑھانے کے متعدد پروگرام بھی شامل ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکہ سی ٹی امور پر پاکستانی رہنماؤں کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے میں ہے اور ہم اپنے انسداد دہشت گردی مذاکرات اور دیگر دوطرفہ مشاورت سمیت علاقائی سلامتی پر تفصیلی بات چیت جاری رکھیں گے۔

Comments

Comments are closed.