مارکٹس

2100 پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 100 انڈیکس ریکارڈ سطح پر بند

بینچ مارک انڈیکس تاریخ میں پہلی بار 78 ہزار کی حد عبور کر گیا۔ 2.73 فیصد اضافے سے 78,802 پوائنٹس پر بند ہوا۔
شائع June 20, 2024

پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد جمعرات کو خریداری کا رحجان میں دیکھنے میں آیا ہے کیوں کہ بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس تقریبا 2100 سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے پہلی بار 78 ہزار کا سنگ میل عبور کرگیا۔

کاروبار کے اختتام پر بینچ مارک انڈیکس 2,094.76 پوائنٹس یا 2.73 فیصد اضافے کے ساتھ 78,801.53 پوائنٹس پر بند ہوا۔ ٹاپ لائن سیکورٹیز نے کہا کہ کے ایس ای 100 انڈیکس کی تاریخ میں ایک دن میں یہ چوتھا سب سے بڑا اضافہ ہے۔

واضح رہے کہ اسٹاک مارکیٹ عید الاضحیٰ کی تعطیلات 17 سے 19 جون 2024 تک بند رہیں۔

جمعرات کو آٹو موبائل اسمبلرز، کمرشل بینکوں، تیل اور گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں، او ایم سیز ریفائنری سمیت اہم شعبوں میں خریداری دیکھی گئی۔ او ڈی جی سی، پی او ایل، شیل، ایس این جی پی ایل، ایم ای بی ایل، ایچ بی ایل مثبت زون میں ٹریڈ کرتے رہے تاہم بینکنگ سیکٹر نے انڈیکس کو سب سے زیادہ حصہ پہنچایا۔

گزشتہ ہفتے کے دوران بھی پی ایس ایک میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور حکومت کی جانب سے کیپٹل مارکیٹس کے لیے ٹیکس نظام میں تبدیلی نہ کرنے کے بعد انڈیکس نے ریکارڈ بلندیوں کو چھوا۔

بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں ہفتہ وار بنیادوں پر 2,952.75 پوائنٹس کا اضافہ ہوا اور 76,706.77 کی بلند ترین سطح پر بند ہوا۔

ٹاپ لائن سیکیورٹیز کے سی ای او محمد سہیل نے ایک نوٹ میں کہا کہ اس امید کی بدولت مثبت رحجانات جاری ہیں کہ نیا بجٹ طویل المدتی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے معاہدے کو محفوظ بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ مارکیٹ کے ماہر نے بتایا کہ پچھلے ایک سال میں اسٹاک مارکیٹ نے روپے کے لحاظ سے 95 فیصد سے زیادہ اور ڈالر کے لحاظ سے 100 فیصد اضافہ کیا ہے۔

مارکیٹ میں بھی تیزی رہی ہے کیونکہ پاکستان بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ طویل اور بڑے بیل آؤٹ پر معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے پر امید ہے۔

ایک اہم پیشرفت میں فچ ریٹنگز نے پاکستان کے مالی سال 2024-25 کے بجٹ کو ’پرجوش‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے امکانات مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ غیر یقینی ہے کہ مالیاتی اہداف حاصل ہوں گے یا نہیں، لیکن بجٹ پر صرف جزوی عمل درآمد کو سامنے رکھتے ہوئے بھی ہم پیش گوئی کرتے ہیں کہ مالی خسارہ کم ہوجائے گا۔ اس سے بیرونی دباؤ میں کمی آئے گی، اس سب کی قیمت شرح ترقی میں کمی کی صورت دینی ہوگی۔

عالمی سطح پر جمعرات کو نجی شعبے کے بینکوں کی بہتر کارکردگی کی بدولت بھارتی حصص میں معمولی اضافہ ہوا ۔ میکویری کی جانب سے مثبت تبصرے کے بعد نجی شعبے کے بینکوں نے مرکزی کردار ادا کیا تاہم فارما اسٹاکس میں گراوٹ نے فائدے کو محدود کیا۔

بھارت کے مقامی وقت کے مطابق صبح 9 بجکر 27 منٹ پر این ایس ای نفٹی 50 0.06 فیصد بڑھ کر 23,531.30 پوائنٹس پر پہنچا جبکہ ایس اینڈ پی اور بی ایس ای سینسیکس 0.17 کے اضافے سے 77,477.91 پوائنٹس پر پہنچا۔

نفٹی 50 انڈیکس میں سب سے زیادہ فائدہ کوٹک نے پہنچایا۔

دریں اثنا جمعرات کو انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی قدر میں 0.03 فیصد کی کمی واقع ہوئی۔ کاروبار کے اختتام پر 9 پیسے کی کمی کے بعد روپیہ 278 روپے 6 پیسے پر بند ہوا۔

آل شیئر انڈیکس کا حجم ایک سیشن پہلے 395.89 ملین سے بڑھ کر 452.63 ملین ہو گیا۔

حصص کی مالیت گزشتہ سیشن کے 21.37 ارب روپے سے گھٹ کر 20.67 ارب روپے ہوگئی۔

سلک بینک لمیٹڈ 53.58 ملین حصص کے ساتھ والیم لیڈر رہا۔ کے الیکٹرک لمیٹڈ 23.11 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے اور حبیب بینک 20.94 ملین شیئرز کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

Comments

200 حروف