وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی نے کہا ہے کہ حکومت اسلام آباد میں مقیم غیر ملکیوں کے تحفظ کے لیے ایک نئی فورس بنانے جا رہی ہے۔

چینی سفارت خانے کے دورے کے موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زیدونگ سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے آزمائش کی گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہنے پر چینی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو کمزور نہیں کرسکتا۔

اس موقع پر انہوں نے چینی سفیر کو پاکستان میں مقیم چینی شہریوں بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے حکومت کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بہتری اور خوشحالی کے لئے کام کرنے والے چینی شہریوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سفیر نے ان اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات میں وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ چین پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کے دورے سے پاک چین تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

اس موقع پر چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے پاکستان کے فعال سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اپنی سدا بہار دوستی کے لئے چین کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم علی آغا اور چینی سفارتخانے کے سینئر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی جو پاکستان اور چین کے درمیان سیکیورٹی اقدامات بڑھانے اور سفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

اجلاس مثبت انداز میں اختتام پذیر ہوا اور فریقین نے تمام شہریوں کے لئے محفوظ ماحول کو یقینی بنانے اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے باہمی خوشحالی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا ۔ قبل ازیں پاکستان میں چین کے سفیر نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔

Comments

200 حروف