امریکی نائب صدر کملا ہیرس نے ہفتے کے روز یوکرین کے لیے 1.5 بلین ڈالر سے زیادہ کی نئی امداد کا اعلان کیا۔ امداد میں خاص طور پر یوکرین کے توانائی کے شعبے اور انسانی امداد کے معاملات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

کملا ہیرس، جو سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ 2روزہ یوکرین سربراہی کانفرنس میں شریک ہیں، نے کہا کہ اس امداد میں توانائی کے شعبے کیلئے 500 ملین ڈالر کی نئی فنڈنگ شامل ہے۔

پہلے اعلان کردہ یوایس ایڈ کی فنڈنگ میں مزید 324 ملین ڈالر بھی ہنگامی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے بھیجے جائیں گے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ یہ فنڈنگ جنگ میں تباہ ہونے والے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی مرمت کرے گی، بجلی کی پیداوار میں توسیع کرے گی، نجی شعبے کی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گی اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کوششیں یوکرین کو اپنے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر روس کے تازہ ترین حملوں کا جواب دینے میں مرمت اور بحالی کی حمایت کرنے، توانائی کی فراہمی میں رکاوٹوں کے لیے یوکرین کی لچک کو بہتر بنانے اور یوکرین کے توانائی کے نظام کی مرمت اور توسیع کے لیے بنیاد ڈالنے میں مدد کریں گی۔

یو ایس ایڈ اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے نئے پیکج میں 379 ملین ڈالر سے زیادہ کی انسانی امداد بھی شامل ہے۔

کملا ہیریس نے کہا کہ اس سے پناہ گزینوں، بے گھر ہونے والے افراد اور یوکرینی عوام کے خلاف روس کی وحشیانہ جنگ سے متاثرہ کمیونٹیز کی فوری ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ خارجہ، کانگریس کی حمایت کے ساتھ، یوکرینی شہری سیکورٹی امداد میں مزید 300 ملین ڈالر فراہم کرے گا۔

نائب امریکی صدر نے کہا کہ یہ مدد انہیں یوکرین کے علاقے کے دفاع کے لیے جنگ کے اگلے مورچوں پر محفوظ طریقے سے کام کرنے، کریملن کے حملوں سے نشانہ بنائے گئے شہریوں کو بچانے، اہم بنیادی ڈھانچے کی حفاظت، اور جنگی جرائم اور دیگر مظالم کے 120,000 سے زیادہ رجسٹرڈ مقدمات کی تحقیقات میں مدد کرے گی۔

Comments

200 حروف