غزہ میں شہادتیں 37 ہزار 296 ہوگئیں، فلسطینی وزارت صحت

مجموعی تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 30 تازہ شہادتیں بھی شامل ہیں، حکام
شائع June 15, 2024

حماس کے زیر انتظام غزہ کی وزارت صحت نے ہفتے کے روز کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے 8 ماہ کے زائد عرصے سے جاری جارحیت کے نتیجے میں کم ازکم 37 ہزار 296 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

وزارت صحت کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تعداد میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم از کم 30 تازہ شہادتیں بھی شامل ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کہا کہ 7 اکتوبر کو حماس کے اسرائیل پر حملہ کے بعد جنگ شروع ہونے کے بعد سے غزہ کی پٹی میں کل 85,197 افراد زخمی ہو چکے ہیں۔

اس سے قبل دو مصری سکیورٹی ذرائع نے کہا تھا کہ حماس امریکہ سے مستقل جنگ بندی اور غزہ کی پٹی سے اسرائیلی افواج کے انخلاء کے لیے امریکی حمایت یافتہ جنگ بندی کی تجویز پر دستخط کرنے کے لیے تحریری ضمانتیں چاہتی ہے۔

ثالث قطر اور مصر نے تفصیلات بتائے بغیر کہا کہ حماس نے گزشتہ ہفتے اسرائیل کی طرف سے حماس کے حملوں کے بعد آٹھ ماہ کی جارحیت کے خاتمے کے لیے مرحلہ وار جنگ بندی کے منصوبے کا جواب دیا تھا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے مئی کے آخر میں یہ منصوبہ منظر عام پر لائے تھے۔ اس میں غزہ میں قید اسرائیلی یرغمالیوں کی بتدریج رہائی اور دو مرحلوں میں اسرائیلی افواج کی واپسی کے ساتھ ساتھ فلسطینی قیدیوں کی رہائی، غزہ کی تعمیر نو اور تیسرے مرحلے میں مقتول یرغمالیوں کی باقیات کی واپسی شامل ہے۔

امریکہ نے کہا ہے کہ اسرائیل نے اس تجویز کو قبول کر لیا ہے لیکن اسرائیل نے عوامی سطح پر یہ نہیں بتایا۔

امریکہ مصر اور قطر کے مذاکرات کار کئی مہینوں سے جنگ بندی میں ثالثی کرنے اور یرغمالیوں کو رہا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جن میں سے 100 سے زیادہ کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ غزہ میں قید ہیں۔

Comments

200 حروف