آج نیوز کے مطابق، وفاقی حکومت نے بدھ کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں بریت کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔

پی ٹی آئی کے دونوں رہنماؤں کو اس ماہ کے شروع میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے بری کر دیا تھا۔

عمران اور شاہ محمود قریشی پر جنوری میں خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں فرد جرم عائد کی تھی۔ کیس میں خصوصی عدالت نے عمران خان کو 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی درخواست پر ان کیمرہ ٹرائل پر حکم امتناع جاری کیا تھا۔

عمران خان نے اپنی درخواست میں جیل ٹرائل اور اس کے بعد ہونے والے واقعات بشمول الزامات کی تشکیل اور میڈیا پر عائد پابندی کے احکامات کو چیلنج کیا تھا۔

عمران خان اورشاہ محمود قریشی کے خلاف آفیشل سیکریٹس ایکٹ 1923 کی دفعہ 5 اور 9 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

یہ معاملہ ایک سفارتی پیغام کے مبینہ مواد کے غلط استعمال سے متعلق ہے جسے سابق وزیر اعظم عمران خان نے اپنی حکومت کو ہٹانے کی کوشش کے ثبوت کے طور پر پیش کیا تھا۔

Comments

200 حروف