سیکورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کم از کم 11 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیرز میں بتایا گیاہے کہ منگل کو ہونے والا آپریشن گزشتہ روز دیسی ساختہ ڈیوائس کے دھماکے کے جواب میں شروع کیا گیا جس میں کیپٹن محمد فراز الیاس اور صوبیدار میجر محمد نذیر سمیت 7 بہادر فوجی اہلکار شہید ہوئے تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا مؤثر انداز میں پتہ لگایا، آپریشن میں 11 دہشت گردوں کو کامیابی سے ہلاک کیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ کلیئرنس آپریشن علاقے میں موجود کسی بھی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے کیا جا رہا ہے کیونکہ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
پیر کو ضلع لکی مروت میں بارودی ڈیوائس کے دھماکے سے پاک فوج کے 7 جوان شہید ہوئے تھے، دہشتگردوں نے ڈیوائس کے ذریعے پاک فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا۔
آئی ایس پی آر نے پریس ریلیز میں بتایا کہ دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
Comments
Comments are closed.