سابق گورنر اسٹیٹ بینک اور سابق نگران وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرپرسن مقرر کردیا گیا ہے۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ (پی ایس ایکس) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آزاد ڈائریکٹر ڈاکٹر شمشاد اختر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج لمیٹڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے۔

پی ایس ایکس کے ڈائریکٹرز کے انتخاب، نامزدگی اور تقرری کا عمل کمپنیز ایکٹ 2017، سیکیورٹیز ایکسچینجز (لائسنسنگ اینڈ آپریشنز) ریگولیشنز، 2016 (ریگولیشنز) اور آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن آف پی ایس ایکس کے تحت واضح کیا گیا ہے۔ ریگولیشنز کے تحت آزاد ڈائریکٹرز کی تعداد بورڈ کے کل ڈائریکٹرز کے ایک تہائی سے کم نہیں ہونی چاہیے۔ بورڈ کی تشکیل لسٹڈ کمپنیوں پر لاگو تمام قواعد و ضوابط کی تعمیل کے بعد کی گئی ہے۔ پی ایس ایکس ایک سیلف لسٹڈ سکیورٹیز ایکسچینج اور لسٹڈ کمپنیوں کا فرنٹ لائن ریگولیٹر ہونے کے ناطے تمام قوانین، قواعد و ضوابط کی تعمیل کرتا ہے جن کا وہ تابع ہے۔

ڈاکٹر شمشاد کو گزشتہ سال اگست میں نگراں وزیر خزانہ مقرر کیا گیا تھا اور انہوں نے فروری میں ہونے والے عام انتخابات تک خدمات انجام دیں۔

انہوں نے 2 جنوری 2006 ء سے تین سال کی مدت کے لئے اسٹیٹ بینک کی گورنر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں اور ملک کے مرکزی بینک کی سربراہ بننے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ اسٹیٹ بینک کی گورنر کے طور پر تقرری سے قبل، ڈاکٹرشمشاد اختر جنوری 2004 سے ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے جنوب مشرقی ایشیا کے محکمے کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں۔ اس سے قبل وہ محکمہ کی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل تھیں۔ انہوں نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے مشرقی اور وسطی ایشیا کے شعبے میں گورننس، فنانس اینڈ ٹریڈ ڈویژن کی ڈائریکٹر کے عہدے پر بھی کام کیا ہے۔

Comments

Comments are closed.