وزیراعظم شہباز شریف نے منگل کو کہا کہ چین کا اعلیٰ سطح وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ان کا دورہ چین ایک ”مثبت نوٹ“ پر ختم ہوا۔

وزیر اعظم شہباز نے مزید کہا کہ انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے پر بھی تفصیلی بات چیت کی ہے۔

وزیر اعظم کا یہ بیان پڑوسی ملک کے اپنے پانچ روزہ دورے کے اختتام کے بعد آیا ہے۔ اپنے دورے کے دوران، انہوں نے تیل اور گیس، توانائی، آئی سی ٹی، اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں کام کرنے والی سرکردہ چینی کمپنیوں کے کارپوریٹ ایگزیکٹوز سے ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی ، جس میں سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی اور بڑے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر اتفاق رائے کی توثیق کی گئی۔

وزیر اعظم نے صدر شی جن پنگ کو اقتصادی اصلاحات اور پائیدار ترقی، صنعتی ترقی، زرعی جدید کاری اور علاقائی روابط کے لیے پاکستان کی پالیسیوں اور پاکستان کی ترقی میں سی پیک کے اہم کردار کے بارے میں آگاہ کیا۔

Comments

Comments are closed.