نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار پیر کو دو روزہ دورے پر اردن روانہ ہوں گے ۔ اسحاق ڈار اردن میں غزہ میں فوری انسانی امداد کے لیے کانفرنس میں شریک ہوں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق کال فار ایکشن: غزہ کے لئے فوری انسانی ردعمل کانفرنس کا اہتمام اردن کے شاہ عبداللہ دوم ، مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔

کانفرنس کا مقصد غزہ میں سنگین انسانی صورتحال کی نشاندہی کرنا اور اس کے خلاف اجتماعی ردعمل تیار کرنا ہے۔

اپنے دورے کے دوران اسحاق ڈار شرکت کرنے والے ممالک کے اپنے ہم منصبوں سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

اسرائیلی سرکاری اعداد و شمار کی بنیاد پر اے ایف پی کے مطابق غزہ میں جنگ 7 اکتوبر کو جنوبی اسرائیل پر حملے کے بعد شروع ہوئی جس کے نتیجے میں 1194 افراد ہلاک ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔

دریں اثنا، امریکہ نے غزہ میں جنگ بندی کے لیے دباؤ بڑھاتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے جنگ بندی پر رائے شماری کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ اس نے8 ماہ سے جاری جنگ سے متاثرہ خطے میں واشنگٹن کے اعلیٰ سفارت کار کو دوبارہ تعینات کر دیا ہے۔

وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے علاقائی دورے سے قبل اسرائیلی افواج کی جانب سے غزہ پر مزید بمباری کی گئی تھی، عینی شاہدین نے بتایا تھا کہ غزہ کی پٹی کے وسط میں رات بھر حملے کیے گئے ۔

Comments

Comments are closed.