پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہےکہ اتوار کو خیبر پختونخوا (کے پی) کے ضلع لکی مروت میں سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے میں کیپٹن سمیت سات سیکورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 9 جون کو لکی مروت میں سیکورٹی فورسز کی گاڑی کو بارودی ڈیوائس سے دھماکہ کرکے نشانہ بنایا گیا۔

بیان کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں کیپٹن محمد فراز الیاس (عمر: 26 سال، رہائش؛ ضلع قصور ) وطن عزیز کے 6 دیگر بہادر بیٹوں صوبیدار میجر محمد نذیر (عمر: 50 سال، رہائش؛ ضلع اسکردو)، لانس نائیک محمد انور (عمر: 34 سال، رہائش: ضلع گھانچی)، لانس نائیک حسین علی (عمر: 36 سال، رہائش: ضلع غذر) ، سپاہی اسد اللہ (عمر: 33 سال، رہائش: ضلع ملتان)، سپاہی منظور حسین (عمر: 27 سال، رہائشی: ضلع گلگت)، سپاہی راشد محمود (عمر: 31 سال، ساکن: ضلع راولپنڈی) نے جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے شہادت کو گلے لگایا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج نے بیان میں اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم کیا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

یہ حملہ فورسز کی جانب سے خیبرپختونخوا میں 3 کارروائیوں کے دوران 23 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے 2 ہفتوں بعد ہوا ہے۔

Comments

Comments are closed.