ٹی 20 ورلڈکپ: بارش رکنے کے بعد کھیل پھر سے شروع

نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ...
شائع June 9, 2024

**نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں روایتی حریفوں اکستان اور بھارت کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 کے اہم میچ میں بارش رکنے کے بعد کھیل پھر سے شروع ہوگیا ہے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارتی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔

ہائی وولٹیج کا ٹاس شدید بارش کی وجہ سے 30 منٹ تاخیر کا شکار ہوا۔ کھیل پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بجے شروع ہونا تھا لیکن پھر بارش شروع ہوگئی۔ کھیل آخر کار رات 8:20 پر دوبارہ شروع ہوا۔

اس سے پہلے موسمی صورتحال پر نظر رکھنے والے ادارے ایکیو ویدر نے ٹاس کے وقت سے عین قبل بارش کے 50 فیصد امکانات کی پیش گوئی کی تھی۔

پچ

ناساؤ کاؤنٹی کی غیر متوقع وکٹ کیوں کہ اس پر گیند کبھی تیز اور کبھی سلو آرہی ہے پاک بھارت میچ سے کئی روز قبل ہی توجہ کا مرکز رہی ہے۔

کرکٹ کی تاریخ میں ایسا پہلی بار ہورہاہے کہ پاک بھارت میچ سے قبل پچ کو اتنی توجہ مل رہی ہے کیوں کہ اس پچ پر آئرلینڈ کیخلاف میچ کے دوران بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی کپتان روہت شرما کو کہنی پر چوٹ لگی تھی۔

وکٹ کے جائزے کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے جمعرات کو ایک بیان جاری کیا جس میں تسلیم کیا گیا کہ نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں استعمال ہونے والی پچز آئی سی سی کی توقع کے مطابق نہیں ہیں تاہم گراؤنڈز مین بقیہ میچز کیلئے مسئلے کا حل تلاش کرنے اور بہترین سطحیں فراہم کرنے کی کوششیں کررہے ہیں جنہیں اس حوالے سے مشکلات کا سامنا ہے۔

آئی سی سی نے ایک بیان میں کہا کہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں اب تک استعمال ہونے والی پچز اس طرح کی نہیں جس کی ہمیں توقع تھی یا جیسی ہم چاہتے تھے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ عالمی معیار کی گراؤنڈ ٹیم صورتحال پر قابو پانے اور بقیہ میچوں کے لئے بہترین سطح فراہم کرنے کے لئے گزشتہ میچ کے بعد سے سخت محنت کر رہی ہے۔

ٹیم واچ

پاکستان

جمعرات کو ایونٹ کے شریک میزبان امریکہ کے ہاتھوں حیران کن شکست کے بعد پاکستان ٹیم بیک فٹ پر ہے۔ پاکستان کے کپتان بابر اعظم، جو جمعرات کو میچ میں پاکستان کی طرف سے ٹاپ اسکورر رہے (44) تھے، ڈلاس میں میچ کے بعد کی پریس کانفرنس میں اپنی ٹیم کی کارکردگی کو ”غیر متوازی“ اور ”مایوس کن“ قرار دینے سے نہیں ہچکچکائے۔

بابر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں پریشان ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کھیل کے تینوں شعبوں میں اچھا نہیں کھیل رہے ہیں، ہماری ٹیم اس طرح کی کارکردگی سے کہیں اچھی ہے۔ پہلے چھ اوورز میں فاسٹ بالرز اور پھر درمیانے اوورز میں اسپنرز نے وکٹیں نہیں لیں جس کی وجہ سے ہم دباؤ میں آگئے۔

میگا ایونٹس میں گرین شرٹس کو غیر متوقع شکست کی تاریخ رہی ہے۔ انہیں ٹی 20 ورلڈکپ 2022 میں زمبابوبے کیخلاف لو اسکورنگ میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، اور پھر چنئی میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ 2023 میں افغانستان کے ہاتھوں شرمناک شکست سے بھی دوچار ہوئے۔

امریکہ سے شکست کے بعد پاکستان مشکل میں ہے۔ تاہم وہ بھارتی ٹیم سے متعلق ہیڈ کوچ گیری کرسٹن کی معلومات سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں کیوں کہ گیری کرسٹن بھارتی ٹیم اور آئی پی ایل میں کوچنگ کا کافی تجربہ ہے اور بھارتی ٹیم کو بہتر انداز میں جانتے ہیں۔

اس کے برعکس بدھ کو آئرلینڈ کیخلاف پہلے میچ میں فتح کے بعد سے بھارتی ٹیم کا اعتماد اور حوصلے بلند ہیں، گرین شرٹس کے مقابلے میں بھارتی ٹیم فارم میں ہیں جس کا مظاہرہ انہوں نے اپنے افتتاحی میچ میں کیا تھا جو انہوں نے 8 وکٹوں سے جیتا تھا۔

آمنے سامنے

ٹی 20 ورلڈکپ میں بھارت کو 1 کے مقابلے میں 6 فتوحات کے ساتھ پاکستان پر غلبہ حاصل ہے۔ دونوں کے درمیان کھیلے گئے گزشتہ 5 میچز میں کامیابی دوسری بیٹنگ کرنے والی ٹیم کو ملی ہے۔

ٹیم اپ ڈیٹ:

پاکستان

آؤٹ آف فارم اعظم خان کی جگہ عماد وسیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جو عین وقت پر پسلی کی چوٹ سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔ عماد کی شمولیت سے نہ صرف مڈل آرڈر مضبوط ہوگا بلکہ بابر اعظم کو باؤلنگ کا اضافی آپشن بھی ملے گا۔

پلیئنگ الیون: بابر اعظم (کپتان)، محمد رضوان (وکٹ)، عثمان خان، فخر زمان، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، شاہین آفریدی، حارث رؤف، نسیم شاہ، محمد عامر۔

بھارت

بھارتی ٹیم میں تبدیلی نہیں کی گئی۔

پلیئنگ الیون: روہت شرما (کپتان)، ویرات کوہلی، رشبھ پنت (وکٹ)، سوریہ کمار یادو، شیوم دوبے، ہاردک پانڈیا، رویندرا جدیجا، اکسر پٹیل، جسپریت بمراہ، ارشدیپ سنگھ، محمد سراج۔

Comments

Comments are closed.